پاکستانی شہری حج ادا کرنے کیلئے6387 کلومیٹر پیدل سفر کرنے کے بعد مکہ مکرمہ پہنچ گیا

دوران سفر انہیں غیر متوقع مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتاہم مکہ مکرمہ پہنچ کر خود کو محفوظ سمجھتا ہوں، کھرل زادہ کسرت رائے


ویب ڈیسک October 13, 2013
کھرل زادہ کسرت رائے 2007 میں کراچی سے خیبر تک ایک ہزار 242 میل طویل امن مارچ کرچکے ہیں۔ فوٹو: العربیہ ٹی وی

دنیا کو امن کا پیغام دینے کے لئے پاکستانی شہری کھرل زادہ کسرت رائے فریضہ حج ادا کرنے کے لئے 6ہزار 387 کلو میٹر کا پیدل سفر کرنے کے بعد مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔

پرانے وقتوں میں عازمین کے لئے سفر انتہائی تکلیف دہ ہوتا تھا ارض مدس پہنچنے کے لئے وہ گھوڑوں، گدھوں اور اونٹوں پر سفر کرتے تھے جبکہ بعض افراد تو پیدل ہی خانہ کعبہ کی زیارت کے لئے نکل پڑتے تھے لیکن دور جدید نے جہاں انسانی زندگی کو انتہائی سہل کردیا ہے وہیں مہینوں اور ہفتوں کا سفر بھی سمٹ کر گھنٹوں اور منٹوں کا ہوگیا ہے لیکن 37 سالہ پاکستانی کھرل زادہ کسرت رائے نے پا پیادہ ہی حج پر جانے کا فیصلہ کیا۔ 9 جون کو کراچی سے روانہ ہونے والے کھرل زادہ کسرت رائے ایران، عراق اور اردن کے رستے ہوتے ہوئے یکم اکتوبر کو مکۃ المکرمہ پہنچے۔

عرب میڈیا سے بات کرتے ہوئے کھرل زادہ کسرت رائے نے کہا کہ پیدل حج کی غرض سے مکہ مکرمہ آنے کا مقصد دنیا کو امن کا پیغام دینا اور ہر سطح پر ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرنا ہے۔ دوران سفر انہیں غیر متوقع مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتاہم وہ مکہ مکرمہ پہنچ کر خود کو محفوظ سمجھتے ہیں. انہوں نے بتایا کہ سفر کے دوران انہیں ملنے والے افراد نے ان کے ساتھ انتہائی 'دوستانہ' برتاؤ کرتے ہوئے بڑی مدد کی۔

واضح رہے کہ کھرل زادہ کسرت رائے 2007 میںکراچی سے خیبر تک ایک ہزار 242 میل طویل امن مارچ کرچکے ہیں۔2009 میں بھی وہ امن مشن کی حمایت میں اسلام آباد سے لاہور تک پیدل مارچ پر نکلے جس کے بعد رائے نے اسلام آباد سے آزاد کشمیر کے سرحدی علاقے چکوٹھی تک 138 میل طویل سفر 9 دنوں میں مکمل کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں