
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے چیف سیکریٹری پنجاب کو سانحہ ساہیوال کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حکم جاری کردیا، وزیرا عظم کا کہنا ہے کہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کیس تیار کیا جائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ملزمان کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حکم جاری کردیا جس کے بعد سانحہ ساہیوال پر اپیل دائر کرنے کے لیے وفاق نے چیف سیکریٹری پنجاب کو تحریری ہدایت دے دی ہے۔
وزیر اعظم کے حکم پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کی خامیوں کی تحقیقات کرے گی، کمیٹی حکومتی اداروں کی ان خامیوں کی نشاندہی کرے گی جن سے ملزمان کو فائدہ پہنچا۔
یہ کمیٹی 3 دن کے اندر سفارشات وزیراعظم آفس میں جمع کرائے گی، وزیر اعظم نے اس کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم جاری کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا کیس تیار کیا جائے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال میں 6 سیکیورٹی اہلکاروں کے بری ہونے پر شدید تحفظات کا اظہارکیا تھا کیوں کہ حیران کن طور پر عدالتی فیصلے کے مطابق پراسیکیوشن کیس کو ثابت کرنے میں مکمل ناکام رہی۔
گولیاں برسانے کی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی، انصاف کیلیے پرعزم ہیں، فردوس عاشق
دریں اثنا وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بچوں کے سامنے ان کے والدین پر گولیاں برسانے کی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی، حکومت معصوم بچوں کو انصاف دینے کے لیے پرعزم ہے، اگر ان کا خاندان مدعی نہیں بنتا تو ریاست اس مقدمے کی مدعیت کرے گی۔
فردوس عاشق اعوان کا اپنے ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ ورلڈ بینک رینکنگ اس امرکا ثبوت ہے کہ پاکستان درست معاشی سمت پرگامزن ہے، اس رپورٹ کے بعد ملکی معیشت کے حوالے سے عوام کوگمراہ کرنے والوں کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکمرانوں کی جیبوں کے بجائے قومی خزانہ بھر رہا ہے، دنیا میں نئے پاکستان کا روشن اورترقی کرتا چہرہ ابھرکرسامنے آرہا ہے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت پاکستان نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے ورلڈ بینک کی ای اوڈی بی رینکنگ میں میں 28 درجے بہتری کی تاریخی ترقی حاصل کی ہے، پاکستان 135 سے 108 ویں نمبر پر آگیا ہے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔