نوازشریف سے متعلق عدالت کے ہرفیصلے پرمن وعن عمل کریں گے یاسمین راشد

نوازشریف کی رپورٹس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، وزیرصحت


ویب ڈیسک October 25, 2019
نوازشریف کی رپورٹس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، وزیرصحت

صوبائی وزیرصحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نوازشریف سے متعلق عدالت کے ہرفیصلے پرمن وعن عمل کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو صحت سے متعلق تمام سہولیات دی جارہی ہیں، نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے ساتھ رپورٹس شیئر کرتے ہیں اور میاں صاحب نے خود اپنے علاج سے متعلق اطمینان کا اظہار کیا، تمام علاج میاں نواز شریف کی اجازت سے ہورہا ہے جب کہ میں نے ڈاکٹر ایاز کو کہا بغیر کسی پریشر کے بلکل ٹھیک رپورٹ پیش کریں۔

صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ عدالت کو نواز شریف کی صحت سے متعلق تمام رپورٹس بھیج دی ہیں، عدالت کا جو بھی فیصلہ ہو گا من و عن اسے قبول کریں گے، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس بائیس ہزار ہوگئے ہیں، ان کے پلیٹس لیٹس بن رہے تھے لیکن جلد ختم ہورہی ہیں، نواز شریف کو شوگر ہے، گردے دل کی تکلیف ہے، بلڈ پریشر بھی ہے اس لیے ان کی کنڈیشن سیریس تھی لیکن حالات بہتر ہورہی ہیں۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی رپورٹس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، عمران خان کو بطور مریض ان سے ہمدردی ہے، وزیراعظم نے نوازشریف کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور وزیراعظم چاہتے ہیں کہ مریم بی بی ضرور اپنے والد کی تیمارداری کریں جب کہ طبیعت خراب ہونے پر مریم نواز کو اسپتال داخل ہونے کو کہا، طبیعت بہتر ہونے پر مریم نواز کو واپس بھجوا دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں