مقبوضہ کشمیر میں پھلوں سے لدے ٹرکوں پر فائرنگ سے 2 ڈرائیور ہلاک

ٹرک بھارتی ریاستوں سے پھل لیکر کشمیری تاجروں کو دینے مقبوضہ کشمیر پہنچے تھے


ویب ڈیسک October 25, 2019
ٹرک بھارتی ریاستوں سے پھل لیکر کشمیری تاجروں کو دینے مقبوضہ کشمیر پہنچے تھے ۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں پھلوں کی ترسیل پر مامور ٹرکوں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 ڈرائیور ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

قدم قدم پر تعینات بھارتی فوج کے اہلکاروں کی موجودگی میں مختلف ریاستوں سے پھل لانے والے ٹرکوں کو مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 ٹرک ڈرائیور ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ حملہ آوروں نے ٹرک کو آگ بھی لگا دی۔

ایک ہلاک ہونے والے کی شناخت محمد الیاس کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق راجھستان سے ہے جب کہ زخمی ڈرائیور کا نام جیون ہے اور وہ ہریانہ کا رہائشی ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد قابض بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں سمیت کپواڑہ، باندی پورہ اور پلوامہ میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

قبل ازیں رواں ماہ کی 14 تاریخ کو دو حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے راجھستان سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور شریف خان کو قتل کردیا تھا جو راجھستان سے پھلوں سے بھرا ٹرک مقامی تاجروں کو دینے کشمیر پہنچا تھا۔ گزشتہ ماہ بھی ایک ٹرک ڈرائیور کو پتھراؤ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں