عثمان قادر نے والد کی سکھائی ہوئی ’خفیہ ورائٹی‘ متعارف کرانے کا اعلان کردیا

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران بولنگ میں نئی وڑائٹی متعارف کراؤں گا، عثمان قادر

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران بولنگ میں نئی وڑائٹی متعارف کراؤں گا، عثمان قادر، فوٹو: فائل

قومی کرکٹر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ والد عبدالقادر کے بعد پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے، آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران بولنگ میں نئی وڑائٹی متعارف کراؤں گا۔

ایکسپریس کی کرکٹ سے متعلق پاکستان کی سب سے بڑی ویب سائٹ 'کرکٹ پاکستان ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے' سے خصوصی بات چیت میں عثمان قادر نے کہا کہ میرے والد کی خواہش تھی کہ میں ایک دن گرین شرٹس کی نمائندگی کروں،ان کا یہ خواب حقیقت کا روپ اختیار کر رہا ہے تو وہ اس دنیا میں نہیں رہے، والد کی زندگی میرے لئے مشعل راہ ہے، ان ہی کی بتائی ہوئی ٹپس میرے انٹرنیشنل کیریئر میں بہت کام آئیں گی۔


عثمان قادر نے کہا کہ میں آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی نمائندگی ضرور کرنے کا خواہش مند تھا لیکن والد یہی چاہتے تھے کہ ان کی طرح میں بھی پاکستان کی طرف سے کھیلوں اور پاکستان کا نام روشن کروں،وہ بلاشبہ لیگ اسپن بولنگ کے بے تاج بادشاہ تھے،اپنی زندگی کے آخری سات، آٹھ ماہ انہوں نے میری بولنگ میں بہتری لانے کے لئے بڑا کام کیا،ان کی کوچنگ کی روشنی میں ہی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران بولنگ میں نئی وڑائٹی متعارف کراؤں گا۔

ایک سوال پر عثمان قادر نے کہا کہ میں بگ بیش سمیت بہت زیادہ کرکٹ آسٹریلیا میں کھیل چکا ہوں، اس لئے وہاں کی کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ ہوں،کوشش ہو گی کہ کینگروز کے خلاف سیریز کے دوران ایسی کارکردگی دکھاؤں جس کا مجموعی طور پر فائدہ پاکستانی ٹیم کو ہو۔

ایک سوال پر عثمان قادر نے کہا کہ میں بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی بھر پور محنت کر رہا ہوں اور مستقبل میں ٹوئنٹی20 کے بعد ایک روزہ اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا ہدف ہوگا۔
Load Next Story