کراچی میں آج سے ڈینگی کنٹرول مہم چلانے کا فیصلہ

شہر میں بھرپور طریقے سے ڈینگی کے خلاف مہم چلائی جائے، اجلاس میں فیصلہ


Staff Reporter October 25, 2019
شہر میں بھرپور طریقے سے ڈینگی کے خلاف مہم چلائی جائے، اجلاس میں فیصلہ . فوٹو: فائل

شہر قائد میں ڈینگی کا جن بے قابو ہوتا جارہا ہے جس کے لئے آج سے ڈینگی کنٹرول مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت ڈینگی کی وبا پھیلنے سے متعلق اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں سیکریٹری اطلاعات احمد بخش ناریجو، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، سیکریٹری صحت سعید احمد اعوان، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، میٹروپولیٹن کمشنر، پروگرام مینیجر برائے ڈینگی کنٹرول پروگرام اور آغا خان اسپتال کے ماہرین سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی شہر میں آج سے ڈینگی کنٹرول مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ڈینگی پروگرام مؤثر بناکر ڈینگی پھلنے سے روکا جائے اور شہر میں بھرپور طریقے سے ڈینگی کے خلاف مہم چلائی جائے۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ مہم کے لئے ڈینگی کنٹرول پروگرام کو اسٹاف، کیمیکل اور گاڑیوں سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائے گی جب کہ سید ممتاز شاہ نے سیکریٹری صحت کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کے کراچی کے ہر ٹاؤن میں اسپرے کے لئے مزید 3 ٹیمیں بڑھائے جائیں اور جہاں بھی ڈینگی مچھروں کے بریڈنگ اسپاٹ ہیں ان جگہوں پر اسپرے کیا جائے۔

اجلاس میں سیکریٹری صحت اور ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈائریکٹر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں اس سال اب تک 37551 ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، اسلام آباد میں 10819، پنجاب میں 8173 اور سندھ میں 7498 ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، سندھ میں سب سے زیادہ ڈینگی کے کیس کراچی ڈویژن میں 7040 رپورٹ ہوئے اور صوبے میں ڈینگی سے اب تک 22 اموات ہوئی ہیں۔

اجلاس میں آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے ماہرین نے عوام کے لئے ڈینگی کے متعلق آگاہی مہم چلانے پر زور دیا، جس پر چیف سیکریٹری نے سیکریٹری اطلاعات احمد بخش ناریجو کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے بارے میں عوام میں اخبارات، ٹی وی چینل اور سوشل میڈیا پر آگاہی مہم چلائی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں