پہلا ون ڈے کینگروز نے گھر کے بھارتی شیروں کا شکار کرلیا

305 کا ہدف پانے والی میزبان سائیڈ232 پر ہمت ہارگئی،کوہلی کی ففٹی بے اثر


Sports Desk October 14, 2013
بھارتی اوپنر شیکھر دھون کو ٹھکانے لگانے پر آسٹریلوی پیسر جیمز فالکنر خوشی سے بے قابو۔ فوٹو: بی سی سی آئی

PORT OF SPAIN: کینگروز نے گھر کے بھارتی شیروں کا شکار کرلیا، پہلے ون ڈے میں 72 رنز سے پچھاڑ دیا۔

305 رنز کا ہدف پانے والی میزبان سائیڈ 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ویرت کوہلی کی ففٹی بھی آسٹریلیا کا کچھ نہیں بگاڑ پائی، جیمز فالکنر نے 3 جبکہ کلنٹ میک کے اور شین واٹسن نے دو،دو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل مہمان سائیڈ نے 8 وکٹ پر 304 رنز بنائے، مین آف دی میچ جارج بیلی نے 85 اور ایرون فنچ نے 72 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ون ڈے میں 72 رنز سے شکست دے کر 7 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔



بھارتی ٹیم کو میچ جیتنے کیلیے 305 رنز کا ہدف ملا مگر شیکھر دھون کے صرف 7 رنز پر آئوٹ ہونے کی وجہ سے مضبوط بیٹنگ لائن پر غیرمحسوس طور پر پریشر بڑھ گیا روہت شرما 42 رنز بناکر واٹسن کی گیند پر ہیوز کا کیچ بن گئے، ویرت کوہلی اور سریش رائنا نے قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی، دونوں نے مجموعے کو 137 تک پہنچایا، اس دوران سست رفتاری سے بیٹنگ کا نتیجہ رن ریٹ اور دبائو بڑھنے کی صورت میں برآمد ہوا،رائنا 39 رنز پر فالکنر کا شکار ثابت ہوئے۔

یوراج سنگھ نے آتے ہی چھکا جڑ کر اپنی اہمیت جتانے کی کوشش کی مگر7 رن پر جونسن نے انھیں میدان بدر کردیا، کوہلی 85 بالز پر 61 رنز بناکر واٹسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، جڈیجا کے 11 اور دھونی کے 19 رنزپر بولڈ ہونے کے بعد بھارتی امیدیں دم توڑ گئیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 304 رنز 8 وکٹ پر بنائے، ایرون فنچ اور فل ہیوز نے ٹیم کو 110 رنز کا اسٹینڈ فراہم کیا، فنچ نے 72 اور ہیوز نے 47 رنز بنائے، کپتان جارج بیلی نے 82 بالز پر 10 چوکوں کی مدد سے 85 رنز اسکور کیے۔ روی چندرن ایشون نے دو وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں