چٹاگانگ ٹیسٹ ہارجیت کا فیصلہ ہوئے بغیر ختم

کیویز کی دوسری باری 287 پر ڈیکلیئرڈ، بنگلہ دیش کے 3وکٹ پر 173رنز


Sports Desk/AFP October 14, 2013
دونوں ملکوں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 21 سے 25 اکتوبر تک ڈھاکامیں شیڈول ہے۔فوٹو:فائل

نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہارجیت کا فیصلہ ہوئے بغیر ختم ہوگیا۔

نیوزی لینڈ کیخلاف ڈرا میچ میں سوہاگ غازی کا غلبہ رہا، ان کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے کیویز دوسری باری میں چار وکٹ پر260 رنز بنانے کے بعد یکدم تین وکٹ گنوا بیٹھے، مہمان سائیڈ نے دوسری اننگز 7 وکٹ 287 پر ڈیکلیئرڈ کی، ٹائیگرز کو فتح کیلیے256 رنز کا ہدف ملا، تاہم کھیل کے اختتام تک وہ 48.2 اوورز میں 3و کٹ کے نقصان پر 173رنز ہی بناسکے،دونوں ملکوں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 21 سے 25 اکتوبر تک ڈھاکامیں شیڈول ہے۔تفصیلات کے مطابق چٹاگانگ ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ابتدائی اننگز میں بڑے مجموعے ترتیب دیے جانے کے بعد اس کے نتیجہ خیز ہونے کا امکان نہیں تھا، تاہم میچ کے پانچویں اور اختتامی دن کیویز نے ایک وکٹ 117رنز سے شروع کی اور ایک مرحلے پر4 وکٹ کے نقصان پر 260رنز جوڑلیے تھے۔



ایسے میں بنگلہ دیش کیلیے پہلی باری میں کیریئر کی اولین سنچری داغنے والے آف اسپنر سوہاگ غازی کی قسمت کا ستارہ پھر چمکا اور انھوں نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ بھی انجام دے ڈالا، جس کی بدولت کیویز کا اسکور یکدم 7 وکٹ پر 260 رنز ہوگیا، مہمان سائیڈ نے 90 اوورز میں 7 وکٹ پر 287 رنز بناکر اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا، کیریئر کا ساتواں ٹیسٹ کھیلنے والے سوہاگ غازی نے اختتامی دن کیویز کی تمام چھ وکٹیں اپنے نام کیں،جس میںہیٹ ٹرک بھی شامل ہے، میزبان سائیڈ کو کم سے کم 45 اوورز میں 256کا ہدف ملا، تاہم انھوں نے کھیل کے خاتمے تک 3 وکٹ پر 173رنز جوڑے، اوپنر تمیم اقبال46 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، مارشل ایوب31 اور انعام الحق 18رنزسے آگے نہیں بڑھ پائے، شکیب الحسن 50 اور مومن الحق 22 پر ناٹ آئوٹ رہے، بروس مارٹن نے 62 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں