پشاور متنی بازار میں گاڑی کے اندر دھماکا خواتین و بچوں سمیت 12افراد جاں بحق 18زخمی

4دھماکے میں40 کلومواداستعمال کیاگیا،پولیس،جائے وقوعہ سے مارٹرگولوں کے ٹکڑے برآمد،حکام نے رپورٹ طلب کرلی۔

پشاور:متنی کے بازار میں ورکشاپ بم دھماکے سے اڑی گاڑی کا امدادی کارکن جائزہ لے رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پشاورکے نواحی علاقے متنی کے بازار میں ورکشاپ کے اندرکھڑی گاڑی میں دھماکے سے اسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان ، ان کے بھائی اور کزن سمیت 12 افراد جاں بحق اور18 زخمی ہوگئے جبکہ 10دکانیں تباہ ہوگئیں،زخمیوںمیںبعض کی حالت تشویشناک ہے۔

ایس پی رورل خورشید خان کے مطابق اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان ہاشم گل جو متنی ادیزئی کے رہائشی تھے، اپنے بھائی عجب گل اور کزن ظاہر شاہ کے ہمراہ گاڑی ٹھیک کرانے ورکشاپ آئے ہوئے تھے کہ نامعلوم افرادنے ان کی گاڑی کے قریب دھماکاکردیا جس سے اے پی اے ہاشم گل،ان کے بھائی اور چچازاد سمیت 12 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے،واقعے کے بعد ہرطرف انسانی اعضا بکھر گئے اور ہر طرف چیخ وپکار تھی، پولیس کے مطابق دھماکامتنی بازار میں واقع غفور مارکیٹ میں ہوا ، شرپسندوں نے مارکیٹ میں اے پی اے شمالی وزیرستان کی گاڑی کے پاس ٖبارود سے بھری ڈبل کیبین گاڑی کو ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا۔


ذرائع کے مطابق اے پی اے کی گاڑی چند روز قبل ٹھیک کرنے کیلیے مارکیٹ میں لائی گئی تھی ، دھماکااتنا شدید تھا کہ جائے وقوعہ پر گڑھا پڑگیا جبکہ تقریباً دس دکانوں کو بھی سخت نقصان پہنچا ، مقامی افراد نے زخمیوں کو ملبے سے نکالا کر اسپتال پہنچایا ،12زخمیوں کو ایل آر ایچ منتقل کیا گیا ہے جن میں 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے حکام کے مطابق دھماکے میں 40 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیا اور سرچ آپریشن میں کئی افرادکو گرفتار کر لیا گیا، جائے وقوعہ سے 82ایم ایم مارٹر گولے کے ٹکڑے بھی ملے ہیں ۔

صوبائی وزیراطلاعات میاں افتخار نے اے ایف پی کو بتایا کہ 3 افراد ایک گاڑی ورکشاپ پر لے آئے اور جب مکینک کام میں مصروف تھا تو دھماکاہوگیا ، ابھی تک کسی نے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی، آن لائن اور مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق مرنے والوں میں 2 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں، صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، گورنر و وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ، وفاقی وصوبائی وزراء، میاں نواز شریف، اسفندیارولی، شہبازشریف، چوہدری شجاعت، چوہدری پرویز الٰہی،الطاف حسین، عمران خان، مولانا فضل الرحمن، منورحسن اور دیگر رہنمائوں نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ وزیر داخلہ نے آئی جی خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ادھر شبقدر میں ایک گھر کے قریب باردودی مواد سے دھماکا کیا جس سے چار دیواری اور گیٹ کو نقصان پہنچا۔
Load Next Story