3 سال میں مالیاتی خسارہ 4 فیصد تک کم کیا جائیگا اسحٰق ڈار

حکومت محصولات میں اضافے کیلیے ٹیکس وصولیوں میں 28 فیصد اضافہ کریگی،وزیرخزانہ


News Agencies October 14, 2013
حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی معاشی اصلاحات کی وجہ سے پاکستان پر عالمی اداروں کا اعتماد بڑھا۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی معاشی اصلاحات کی وجہ سے پاکستان پر بین الاقوامی اداروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

توقع ہے کہ اقتصادی اصلاحات سے براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ آئندہ3 سال کے دوران مالیاتی خسارے کو 4فیصد تک کم کیا جائیگا جو اس وقت 8.2 فیصد ہے۔ آئندہ مہینوں اور برسوں میں پائیدار ترقی کے مزید اہداف حاصل کیے جائینگے۔ ورلڈ بینک کے حکام سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم آئندہ 3 سال کے دوران سرمایہ کاری کی موجودہ شرح کو جی ڈی پی کے 20 فیصد تک لائیں گے جو اس وقت مجموعی قومی پیداوار کے 14فیصد کے برابر ہے۔ اس کی مثال دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے عالمی بینک کو داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے کیلیے کہا ہے جس کے پہلے مرحلہ میں 4 ارب ڈالر لاگت آئے گی جس سے 2200 میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی۔



اسحق ڈار نے توقع ظاہر کی کہ عالمی بینک انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ اسسٹنس کے تحت 1.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا۔ واضح رہے کہ اسحق ڈار آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اجلاسوں میں شرکت کیلیے ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں جہاں پر انھوں نے 50 سے زائد معاشی ماہرین، تاجر رہنمائوں، بینکاروں اور عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کی ہیں جس کے نتیجے میں توقع ہے کہ غیرملکی سرمایہ کار تیل و گیس کی تلاش اور پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں بھاری سرمایہ کاری کریں گے۔

غیرملکی ذرائع ابلاغ سے انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن نے پاکستان میں 900 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ آئی ایف سی نجی شعبہ کے تعاون سے ملک میں کی جانے والی سرمایہ کاری کو 3 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلیے تیار ہے۔ اوورسیز پرائیویٹ انویسٹمنٹ کارپوریشن جس نے اب تک پاکستان میں 4.5ملین ڈالر کے لگ بھگ سرمایہ کاری کر رکھی ہے اپنی سرمایہ کاری کو مزید ایک ارب ڈالر تک بڑھانے پر رضامند ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے آئندہ دورہ واشنگٹن کے دوران تاجر رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے جو ماضی کی نسبت سے اب پاکستان کو بہتر کاروباری ملک سمجھتے ہیں۔ نئی سرمایہ کاری اور منصوبے ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے اور اس سے جی ڈی پی کی شرح ترقی میں اضافہ ہوگا جو گزشتہ 5 سال سے3 فیصد کے اردگرد ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں