بلوچستان میں 4 ماہ بعد حکومت سازی کا عمل آج مکمل ہوگا

صوبائی کابینہ میں 5وزرا ن لیگ سے لیے جائیں گے، 3، 3وزراکا تعلق نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے ہوگا.

صوبائی کابینہ میں 5وزرا ن لیگ سے لیے جائیں گے، 3، 3وزراکا تعلق نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے ہوگا ،5 مشیر بھی کابینہ کا حصہ ہونگے

بلوچستان میں4 ماہ بعد حکومت سازی کا عمل آج مکمل ہوجائے گا، صوبائی کابینہ کے مزید16 ارکان جن میں11 وزرا اور5مشیر شامل ہیں، حلف اٹھائیں گے۔

ایکسپریس ٹربیون کے مطابق تقریب حلف برداری شام5بجے گورنر ہائوس میں ہوگی، گورنر محمد خان اچکزئی وزرا سے حلف لیں گے، صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے منظور کئے گئے فارمولے کے مطابق5 وزراء مسلم لیگ(ن) سے لئے جائیں گے جبکہ 3،3 وزراکا تعلق نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے ہوگا،5مشیر بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے، مسلم لیگ(ن) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے2،2مشیر ہوں گے جبکہ ایک کا تعلق نیشنل پارٹی سے ہوگا، مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کے مطابق (ن) لیگ کے جو وزراء حلف اٹھائیں گے ان میں نوابزادہ چنگیز مری، میر سرفراز ڈومکی، جعفر خان مندوخیل، میر سرفراز بگٹی اور اظہار کھوسہ شامل ہیں جبکہ حاجی اکبر آسکانی اور عبدالماجد ابڑو مشیر ہونگے۔




ذرائع کے مطابق نیشنل پارٹی کی جانب سے رحمت بلوچ، سردار اسلم بزنجو اورمجیب محمد حسنی صوبائی وزراء اور خالد لانگو مشیر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے نواب ایاز خان جوگیزئی، مجید اچکزئی اور سردار رضا محمد بادیچ کے بطور وزراء، مصطفیٰ ترین اور ثنا اللہ زارے کے بطور مشیر حلف اٹھانے کا امکان ہے، محمودخان اچکزئی وزراء کے ناموں کو حتمی شکل دینے کیلئے گزشتہ روز کوئٹہ پہنچے تھے۔

دوسری جانب سردار رضا محمد بادیچ نے کہا کہ انہیں اپنی نامزدگی کا ٹی وی چینلز سے پتہ چلا ہے، پارٹی میں اس حوالے سے کوئی تنازع نہیں، پارٹی کا ہر فیصلہ قبول ہوگا۔ صوبائی کابینہ اس وقت3وزراء پر مشتمل ہے، حکومتی رہنمائوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ن لیگ میں اختلافات کے باعث کابینہ کی تشکیل میں تاخیرہوئی، ایک سینئر رہنما کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی میں وزارتوں کی تقسیم کا کوئی جھگڑا نہیں تھا، وزیراعظم نے کہا کہ اگر انکی پارٹی میں اتفاق رائے نہ ہوا تو وہ ناموں کو حتمی شکل دیں گے، آئی این پی کے مطابق تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم نواز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔
Load Next Story