زمبابوے پاکستان سے سیریزملتوی کرنے پرآمادہ

آئندہ برس باہمی ون ڈے میچز کی جگہ ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کرانے پر غورہورہا ہے، بورڈ


Sports Desk September 01, 2012
آئندہ برس باہمی ون ڈے میچز کی جگہ ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کرانے پر غورہورہا ہے، بورڈ فوٹو فائل

زمبابوے کرکٹ بورڈ پاکستان سے ہوم سیریز آئندہ برس تک ملتوی کرنے پر تیار ہو گیا، باہمی ون ڈے میچز کی جگہ ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کرانے پر غورکیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نومبر، دسمبر میں زمبابوین سرزمین پر2 ٹیسٹ، اتنے ہی ٹوئنٹی20 اور3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے تھے، یہ سیریز آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ تھی، رواں برس بھارت سے تعلقات میں بہتری کے بعد دورے کی دعوت ملنے پر پی سی بی نے زمبابوے سے آنکھیں پھیر لیں، گرین شرٹس کو 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلیے دسمبر میں پڑوسی ملک جانا ہے،

گذشتہ دنوں پاکستانی بورڈ نے زمبابوے کو خط لکھ کر ٹور کے التوا کی درخواست کی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے، شعبہ میڈیا و کمیونی کیشن کے سربراہ شنگائی ردھوایا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیریز آئندہ برس تک ملتوی ہونے کی تصدیق کردی، انھوں نے کہا کہ دونوں بورڈز انٹرنیشنل کیلنڈر میں مناسب وقت تلاش کرنے کیلیے کوشاں ہیں تاکہ میچز کا انعقاد کیا جا سکے،پی سی بی اپنی ٹیم کو بھارت سے مقابلوں کی تیاریوں کا زیادہ وقت دینا چاہتا ہے اسی لیے ہم سے سیریز ملتوی کرنے کا کہا۔ردھوایا نے بتایا کہ زمبابوین بورڈ باہمی ون ڈے میچز کو ٹرائنگولر سیریز میں تبدیل کرنے پر بھی غور کر رہا ہے تاہم ابھی تیسری ٹیم کا نام ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔

دریں اثنا زمبابوین ٹیم اب ورلڈ ٹوئنٹی20 کے بعد رواں برس مزید کرکٹ نہیں کھیل سکے گی، ایسے میں قومی پلیئرز اکتوبر میں شروع ہونے والی ڈومیسٹک لیگ پر ہی توجہ مرکوزرکھیں گے۔ یاد رہے پی سی بی نے زمبابوے کو نومبر میں میچز کرانے کی تجویز دی تھی تاہم بعض مسائل کے سبب میزبان بورڈ نے اس پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں