نیو کراچی میں گڑھے سے ملنے والی لاشیں اغوا کیے گئے 2 بھائیوں کی نکلیں

10سالہ علی رضا اور 8 سالہ اذان کو گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا۔


Staff Reporter October 27, 2019
بھائیوں کو تشدد کے بعد تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا گیا، اہلخانہ کے احتجاج پر نامزد ملزمان کیخلاف مقدمہ درج۔ فوٹوَ: فائل

نیوکراچی صنعتی ایریا قبرستان میں کھودے گئے گڑھے سے ملنے والی لاشیں 6 روز قبل اغوا کیے جانے والے 2 کم عمر بھائیوں کی نکلیں۔

جمعہ کے روز نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود 6 نمبر صدیق آباد قبرستان کے اندر کھودے گئے گڑھے میں سے 6 سے7 روز پرانی 2 کم عمر لڑکوں کی لاشیں ملی تھی جنھیں گردن پر تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کیا گیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں لاشوں کو تحویل میں لینے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں رات گئے دونوں کم عمر لڑکوں کی شناخت 10 سالہ علی رضا اور 8 سالہ اذان کے نام سے کرلی گئی مقتولین آپس میں سگے بھائی اور مکان نمبر 8/102 سیکٹر ڈی الیون نیوکراچی نمبر 5 کے رہائشی تھے۔

مقتول بھائیوں کا22 اکتوبر نیوکراچی تھانے کے باہراحتجاج کے بعد والد محمد الیاس ولد عبدلمجید کی مدعیت اغوا کا مقدمہ الزام نمبر19/310 میں درج کیا گیا تھا مقدمے میں مقتول بھائیوں کے والد نے اپنے2 رشتے داروں رفیق حسین عرف سونا اورنفیس حسین عرف سنی کو نامزد کیا گیا تھا جس پر نیوکراچی پولیس نے مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان کو گرفتارکرلیا تھا۔

مقتول بھائیوں کے والد محمد الیاس نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے 5 بچے ہیں جن میں سے علی رضا سب سے بڑا اور اذان اس سے چھوٹا تھا ، علی رضا پہلی جماعت کا طالبعلم تھا اور اذان کا اسکول میں داخلہ کرانا تھا اور اس کے لیے یونیفارم بھی لا کر رکھا ہوا تھا انھوں نے بتایا کہ بیٹوں کی لاشیں کئی روز پرانی ہونے کی وجہ سے مسخ شدہ ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے شناخت میں تاخیر ہوئی اور انھوں نے بیٹوں کے کپڑوں سے ان کی شناخت کی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ان کے دونوں بیٹے20 ا کتوبرکوگھرکے باہر سے کھیلتے ہوئے لا پتہ ہوئے تھے بیٹوں کو ہر جگہ تلاش کیا لیکن کوئی سراغ نہ ملا پولیس کی جانب سے کوئی تعاون نہ کیا گیا جس پر 22 اکتوبر کو اہل خانہ نے نیو کراچی تھانے کے باہر احتجاج کیا تھا انھوں نے بتایا کہ انھوں نے مقدمہ میں اپنے 2 رشتے داروں رفیق حسین عرف سونا اور نفیس حسین عرف سنی کو نامزد کیا تھا رفیق عرف سونا اور نفیس عرف سنی ان کی اہلیہ کے سابق شوہر کے سگے بھائی ہیں انھوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کی پہلی شادی گرفتار ملزمان کے ساتھی سے ہوئی تھی اور11 سال قبل کرنٹ لگنے سے ان کی موت ہوگئی تھی جس کے بعد انھوں نے شادی کرلی تھی۔

مقتول بھائیوں کے والد نے بتایا کہ جس روز ان کے بیٹے گھر کے باہر سے لا پتہ ہوئے رفیق اور نفیس ان کے گھر میں ہی موجود تھے اور سب سے پہلے بچوں کا انھوں نے ہی پوچھا کہ علی رضا اور اذان کہاں ہیں انھوں نے بتایا کہ جب بیٹوں کی تلاش شروع کی تو رفیق عرف سونا اپنے گھر میں ملا اور جب اس سے بچوں کا پوچھا تو اس نے لا عملی کا اظہار کیا اور رفیق عرف سنی سے اس کے بھائی نفیس عرف سنی کا پوچھا تو اس نے بتایاکہ سنی گھر پر نہیں تھا اسی وقت گولیمار چلا گیا ہے اوراس نے موبائل فون بھی بند کردیا تھا جس کے بعد نفیس عرف سنی کو گولیمار کے علاقے سے پکڑا۔

مقتول بھائیوں کے والد نے بتایا کہ نفیس عرف سنی نے کہا کہ انھوں نے اپنے بھائی کا بدلہ لیا ہے جسے کرنٹ لگنے کے بعد بھابھی نے پانی پلاکر قتل کیا تھا، مقتول بھائیوں کے والد نے چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیراعلیٰ سندھ اور اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی ہے انھیں انصاف فراہم کیا جائے اور قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسا واقعہ نہ ہو۔

متقول بھائیوں کے کزن عمران نے جب پولیس نے ملزمان کو گرفتارکیا تو مقتول بھائیوں کے ساتھ کھیلنے والے بچوں نے بھی پولیس کے سامنے بتایا کہ دونوں لڑکے ان کے ساتھ گئے تھے۔

نیو کراچی صدیق آباد قبرستان سے ملنے والے 2سگے بھائیوں 8 سالہ اذان اور 10 سالہ علی رضا کی نماز جنازہ گھر کے قریب واقع مسجد اقصیٰ سیکٹر الیون ڈی نیو کراچی میں ادا کی گئی جس میں مقتولین کے رشتے دار ، اہل محلہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،کئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے جس سے وہاں پر موجود ہر آنکھ اشکبار ہوگئی بعدازاں دونوں مقتولین بھائیوں کو اسی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا جہاں سے ان کی جمعے کی شب ان کی تشدد زدہ گلا کٹی ہوئی لاشیں ملیں تھیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |