بنگلورٹیسٹ روزٹیلرنے بھارتی اسپنرزکا سحرتوڑدیا

کیوی قائد کی سنچری،گپٹل اورکروگر ویک نے ففٹیز بنائیں،ٹیم کے6وکٹ پر328 رنز


Sports Desk September 01, 2012
بنگلور ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کے کپتان روز ٹیلر کا کور ڈرائیو، انھوں نے بھارت کیخلاف سنچری بنائی فوٹو : اے ایف پی

لاہور: روز ٹیلر نے بھارتی اسپنرز کا سحر توڑ دیا،بنگلور ٹیسٹ کے پہلے دن کپتان کی جرأتمندانہ سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے 6 وکٹ پر328 رنز بنا لیے، مارٹن گپٹل اور وان کروگر ویک نے ففٹیز بنائیں،اسپنر پراگیان اوجھا نے90 رنزکے عوض 4وکٹیں لیں۔تفصیلات کے مطابق بنگلور ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ ابتدا میں کیویز کیلیے گھاٹے کا سودا نظر آرہا تھا، بھارتی اسپنر پراگیان اوجھا نے 2 اور ظہیرنے ایک وکٹ لے کر مہمان ٹیم کو 89 رنز پر 3وکٹوں سے محروم کر دیا، برینڈن میک کولم، ظہیرکے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، کین ولیمسن (17) کو اوجھا نے پویلین چلتا کیا جبکہ گپٹل (53) کو بھی اسپنر نے اپنا شکار بنایا، انھیں 17 کے انفرادی اسکور پر ایک چانس بھی ملا تھا جب ظہیر کی گیند پر ویرت کوہلی تھرڈ سلپ میں کیچ نہیں تھام سکے،

اس کے بعد کپتان روز ٹیلر نے محاذ سنبھال لیا، انھوں نے ڈینیئل فلائن کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلیے 107 کی شراکت سے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنایا، انھوں نے پہلے ٹیسٹ میں قائم ہونے والی بھارتی اسپنرز کی دھاک کو ختم کیا، ٹیلر نے روی چندرن ایشون کو اسکوائر لیگ پر میچ کا پہلا چھکا جڑنے کے بعد اوجھا کے بھی ایک اوور میں چار چوکے لگائے، وہ127 گیندوں پر 113رنز بناکر اسپنر کا ہی نشانہ بنے، ان کی ساتویں ٹیسٹ سنچری میں 16چوکے اور 2 چھکے شامل رہے،ایشون کی گیند پر سوئپ کی کوشش میں فلائن (33) ایل بی ڈبلیو ہوئے، اوجھا کی گیند پر جیمز فرینکلن( 8) کا مڈ وکٹ پر نہایت شاندار کیچ رائنا نے قابو کیا، کھیل کے اختتام پر وان کروگر ویک 63 اور ڈگ بریسویل30 پر ناٹ آئوٹ رہے،اوجھا نے4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ایشون اور ظہیر کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں