بھارت اورامریکا لشکرطیبہ اورجماعۃ الدعوہ کےمالی نیٹ ورک کےخلاف مشترکہ کوششوں پر متفق

بھارت اور امریکا حقانی نیٹ ورک جیسی تنظیموں کے مالی نیٹ ورک کو توڑنے میں بھی مشترکہ طور پر کام کریں گے

امریکا نے امیر حافظ سعید پر ایک کروڑ ڈالر کا انعام مقرر کررکھا ہے جبکہ حقانی نیٹ ورک کو بھی کالعدم تنظیم قرار دیا جاچکا ہے، فوٹو: اے ایف پی

لاہور:
بھارت اور امریکا نے لشکر طیبہ، جماعۃ الدعوہ اور حقانی نیٹ ورک سمیت دیگر تنظیموں کو دستیاب مالی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق کرلیا ہے۔


واشنگٹن میں قائم بھارتی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی وزیر خزانہ پی چدم برم کی قیادت میں امریکی وزارت خزانہ کے حکام سے ملاقات کے دوران دہشت گردی کے لئے مالی تعاون فراہم کرنے والی تنظیموں کی رقم جمع کرنے کے عمل کی روک تھام کے لئے تعاون میں اضافے پر اتفاق ہوگیا ہے،جس کے ذریعے لشکر طیبہ، جماعت الدعوۃ اور حقانی نیٹ ورک جیسی تنظیموں کو دستیاب مالی وسائل کے نیٹ ورک کو توڑنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ امریکا نے کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے بانی اور جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کی تلاش میں مدد دینے پر ایک کروڑ ڈالر کا انعام مقرر کررکھا ہے۔ اس کے علاوہ حقانی نیٹ ورک پر افغانستان میں بھارتی سفارتخانے اور نیٹو افواج پر حملے کے الزامات ہیں اور گذشتہ سال حقانی نیٹ ورک کو بھی امریکا نے کالعدم تنظیم قرار دیا تھا۔
Load Next Story