سلمان شہباز اشتہاری قرار جائیداد قرق کرنے کا حکم

سلمان شہباز طلبی کے باوجود پیش نہیں ہورہے، نیب پراسیکیوٹر کا موقف

سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان کے روبرو نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ اعوان نے موقف اختیار کیا کہ چوہدری شوگر ملز، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں سلمان شہباز کو متعدد بار تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔


نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سلمان شہباز کی رہائش گاہ پر بھی تحقیقات کے لیے گئے تاہم سلمان شہباز وہاں موجود نہیں تھے، ملزم کو اشتہاری قراردینے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر اشتہار بھی چسپاں کیے گئے تھے مگر وہ حاضر نہیں ہوئے۔ اس لئے سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی جائیں۔

احتساب عدالت نے نیب کا موقف سننے کے بعد سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔

 
Load Next Story