پی پی اور متحدہ میں بلدیاتی امور پر اتفاق نہ ہو سکا صدر سے رجوع کر لیاڈاکٹر صغیر

ایم کیو ایم عوام کی فلاح وبہبود کیلیےایسا بلدیاتی نظام چاہتی ہےجس سےان کےمسائل گھرکی دہلیزپرحل ہوں،صوبائی وزیرصحت .


Numainda Express September 01, 2012
حیدرآباد : صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد سابق ضلعی ناظم سیکریٹریٹ میں ضلعی افسران کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں (فوٹو : عدیل احمد / ایکسپریس )

ISLAMABAD: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن و صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے معاملے پرایم کیو ایم اورپی پی پی کی کورکمیٹی میں جن ایشوز پراتفاق نہیں ہو سکاہے ان پر اتفاق رائے کیلیے صدر پاکستان سے رابطہ کر لیا گیاہے ،ڈاکٹر فاروق ستار نے صدرپاکستان آصف علی زرداری سے رابطہ کیاہے تاکہ جلدہی ملاقات میںبلدیاتی نظام پراتفاق رائے ہو جائے،انشا اللہ جلدہی نیا بلدیاتی نظام کامسودہ فائنل ہوجائیگا۔ حیدرآباد میں شہر کی دگرگوں حالت کاجائزہ لینے کیلیے افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد ضلعی ناظم سیکریٹریٹ میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر صغیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم عوام کی فلاح و بہبود کیلیے ایسا بلدیاتی نظام چاہتی ہے جس سے ان کے مسائل گھر کی دہلیز پر حل ہوں۔

انھوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اونر شپ کا مسئلہ نہیں ،حیدرآباد کامنڈیٹ ایم کیوایم کے پاس ہے ،حیدرآباد میں حق پرست نمائندوں نے قائد تحریک الطاف حسین کے احکامات پر بہت زیادہ ترقیاتی کام کرائے لیکن اب فنڈز کی عدم دستیابی سے مسائل پیداہوتے جا رہے ہیں اور سنگین ہوتے جا رہے ہیں پورا شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا کیونکہ فیول کی مد میں بجٹ نہیں تھا ،اس لیے ہم نے ایم کیو ایم کے کارکنان کو فیلڈ میں اتارا ہے جو بلدیاتی ملازمین کیساتھ مل کر کچرے کے ڈھیر اٹھا رہے ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ گورنر سندھ کی ہدایت پر ٹی ایم ایز کو کچھ فنڈز ملے ہیں جس سے حیسکو اور واسا کے واجبات ادا کیے گیے ہیں اسی طرح واسا کو بھی کچھ ادائیگیاں کی گئی ہیں۔

ایم کیو ایم نے حیدرآباد کی ترقی کیلیے اپنے کراچی سے ایم پی ایز کے فنڈز بھی حیدرآباد منتقل کرائے ہیں کراچی سے مشینری تک حیدرآباد لائی گئی ہے تاہم حیدرآباد میں اے ڈی پی کی اسکیموں میں حق پرست نمائندوںکو شریک نہیں کیاگیا۔ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایسے کئی معاملے ان کے علم میں آئے ہیں تاہم ایم کیو ایم کسی بھی کرپٹ آفیسر کی پشت پناہی نہیں کر رہی ہے اور نہ ہی ایم کیو ایم کو افسران سے کوئی لگائوہے اگربلدیہ اعلی حیدرآباد میںبے قاعدگیاں ہو رہی ہیں تو ایسے افسران کو ہٹانے کیلیے حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔

ایم کیو ایم کی جانب سے بس ٹرمینل کے پلاٹ سمیت دیر قیمتی پلاٹوں پر بندر بانٹ قبول نہیں کی جائیگی اس سلسلے میں حیدرآباد کے منتخب نمائندوں نے کمشنر حیدرآباد کو اپنے موقف سے آگاہ کر دیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم کیو ایم حیدرآباد کے زونل انچارج محمد شریف، جوائنٹ انچارج ذوالفقار علی خانزادہ، ایم این اے صلاح الدین، ایم پی اے اکرم عادل اور وسیم حسین و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں