افغانستان میں بھارتی اثرات بڑھنے کے اشارے

امریکا اور بھارت کے اسٹرٹیجک تعلقات میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔


Editorial October 14, 2013
امریکا اور بھارت کے اسٹرٹیجک تعلقات میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ فوٹو: فائل

امریکا اور بھارت کے اسٹرٹیجک تعلقات میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ اب امریکا اور بھارت میں تعلقات کے حوالے سے نیا اضافہ ہوا ہے۔ اتوار کو بھارتی سیکریٹری خزانہ اروند مایا رام نے امریکا اور بھارت کے معاشی عہدیداروں کے درمیان ہونے والی سالانہ ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک نے اتفاق کیا ہے کہ حقانی' لشکر طیبہ اور اس سے منسلک جماعۃ الدعوۃ جیسی شدت پسند تنظیموں کے مالیاتی نیٹ ورکس اور فنڈز اکٹھا کرنے والے سرگرم کارکنوں کو پکڑنے کے لیے تعاون بڑھایا جائے گا۔ بھارتی سیکریٹری خزانہ نے یہ روایتی دلیل پیش کی ہے کہ لشکر طیبہ ممبئی حملوں جب کہ حقانی نیٹ ورک افغانستان میں بھارتی سفارتخانے پر حملے میں ملوث ہے۔

بظاہر امریکا اور بھارت کے درمیان موجودہ تعاون معمول کی کارروائی معلوم ہوتا ہے مگر اس کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو یہ تعاون مستقبل میں پاکستان کے لیے نئی مشکلات پیدا کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔ ممبئی حملوں کے حوالے سے بھارت ایک عرصے سے پاکستان کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ بھارت لشکر طیبہ یا جماعۃ الدعوۃ کے خلاف ٹھوس اور ناقابل تردید ثبوت بھی فراہم نہیں کر سکا۔ اب حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے امریکا اور بھارت کے درمیان جو تعاون ہونے جا رہا ہے 'اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا افغانستان میں بھارت کواہم کردار سونپنے کے لیے راضی ہو چکا ہے۔

افغانستان میں بڑھتا ہوا بھارتی اثرورسوخ پاکستان کے لیے مشکلات کا باعث ہے۔ حقانی نیٹ کے حوالے سے بھارت کسی نہ کسی دہشت گردی کی کارروائی کا الزام لگا کر پاکستان پر غیر ضروری دباؤ بڑھا سکتا ہے۔ دوسری جانب امریکا میں حالیہ مالی بحران سے بھی اسے دھچکا لگا ہے۔ بھارت جو معاشی لحاظ سے مضبوط ہوتا چلا جا رہا ہے مستقبل میں امریکا کا اہم تجارتی اتحادی بن چکاہے۔

واشنگٹن میں دونوں ممالک کے وزرائے خزانہ اور رہنماؤں نے دو طرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے پر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ اب امریکا اور بھارت میں حقانی اور لشکر طیبہ کے فنڈز روکنے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق سے پاکستان پر دباؤ بڑھے گا اور بھارت کوئی نہ کوئی شوشہ چھوڑ کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرے گا۔ پاکستان کو بھارتی سازشوں سے نمٹنے کے لیے ابھی سے مضبوط لائحہ عمل تیار کرنا ہو گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں