کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی 175 پوائنٹس گر گئے

مندی کے سبب57 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی


Business Reporter October 14, 2013
ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ مندی کے برعکس کاروباری حجم کے اعدادوشمار میں مستقل کمی کا رحجان غیرصحت مند صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ فوٹو: آن لائن / فائل

GILGIT: عیدالاضحیٰ کی طویل تعطیلات، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر صرف ایک ماہ کے درآمدی بل کے مساوی ہونے کے سبب کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو کاروباری صورتحال اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کی لپیٹ میں رہی جس سے انڈیکس کی21700 اور21600 کی دو حدیں گرگئیں ۔

جبکہ سرمایہ کاری کے بیشترشعبوں اورریٹیل انویسٹرزکی کاروبار میں عدم دلچسپی کے سبب کاروباری حجم کے اعدادوشماررواں کیلنڈر سال کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کیے گئے، مندی کے سبب57 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے40 ارب92 کروڑ88 لاکھ40 ہزار199 روپے ڈوب گئے۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ مندی کے برعکس کاروباری حجم کے اعدادوشمار میں مستقل کمی کا رحجان غیرصحت مند صورتحال کی عکاسی کرتا ہے لہٰذا عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد اگر مارکیٹ کو انسٹیٹیوشنز کی جانب سے سپورٹ نہ ملی تو مارکیٹ میں مزید مندی رونما ہونے کے خدشات موجود ہیں، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر32 لاکھ17 ہزار255 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔



جس سے ایک موقع پر40 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے1 لاکھ50 ہزار268 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے28 لاکھ34 ہزار 950 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے2 لاکھ32 ہزار36 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مندی رونما ہوئی نتیجتاًکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس175.61 پوائنٹس کی کمی سے21599.78 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس203.39 پوائنٹس کی کمی سے16290.83 اور کے ایم آئی30 انڈیکس265.09 پوائنٹس کی کمی سے36768.32 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت33.02 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر6 کروڑ19 لاکھ77 ہزار20 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار310 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں107 کے بھاؤ میں اضافہ، 176 کے داموں میں کمی اور27 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے بھاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں انڈس ڈائینگ کے بھاؤ19.07 روپے بڑھ کر969.07 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھاؤ15 روپے بڑھ کر905 روپے ہوگئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھاؤ50 روپے کم ہوکر4200 روپے اور ملت ٹریکٹرز کے بھاؤ 17.55 روپے کم ہوکر433.73 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں