کنگنا راناوت فلم’’رجو‘‘ میں پارس اروڑا کے ساتھ دھوم مچائیں گی

فلم میں اپنے ناچنے والی لڑکی کے کردار کے متعلق کنگنا کا کہناہے کہ یہ ایک انقلابی کردار ہے۔


Showbiz Desk October 15, 2013
فلم کی کہانی رجو نامی ڈانسر جس کا کردار کنگنا رناوت ادا کررہی ہیں اور چندو نامی لڑکے جس کا کردار پارس اروڑا کررہے ہیں کے گرد گھومتی ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا راناوت اور ٹی وی اداکار پارس اروڑا کی پیار ومحبت پر مبنی میوزیکل فلم ''رجو'' کی عکس بندی تیزی سے جاری ہے اور گزشتہ دنوں اس فلم کے گانے ''ظلمی رے ظلمی'' کی ویڈیو بھی لانچ کردی گئی ہے۔

فور پلرز انٹرٹینمینٹ کے تحت بنائی جانیوالی اس فلم کی ہدایات ستیا اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والے رائٹر وشواش پاٹیل دے رہے ہیں جب کہ فلم کا میوزک اتم سنگھ نے ترتیب دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس فلم کو 15نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنایاجارہا ہے۔ فلم میں کنگنا اور پارس اروڑا کے علاوہ مہیش منجریکر ، پرکاش راج اور جیا پرادہ نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔ فلم کی کہانی رجو نامی ڈانسر جس کا کردار کنگنا رناوت ادا کررہی ہیں اور چندو نامی لڑکے جس کا کردار پارس اروڑا کررہے ہیں کے گرد گھومتی ہے فلم کی کہانی کے مطابق رجو مسلما ن جب کہ چندو برہمن ہے۔ چندو کی ٹیم اس کی مدد سے ایک کرکٹ میچ جیتنے کی خوشی میں ایک کوٹھے پر گانا سننے جاتی ہے جہاں چندو کی ملاقات رجو سے ہوجاتی ہے۔ چندو جس کا تعلق ایک موسیقار خاندان سے ہے اور وہ خود بہترین ہارمونیم بجاتا ہے جب کہ اس کی والدہ بھجن گاتی ہیں جب کہ رجو جس کی تربیت کوٹھے کی مالکہ اماں کررہی ہوتی ہیں ایک شرارتی لڑکی ہوتی ہے رجو اور چندو کے مابین میوزک کے باعث ہونے والی دوستی محبت میں تبدیل ہوجاتی ہے ۔اسی دوران نگپدا کا علاقہ جہاں رجو کی رہائش ہوتی ہے تعمیرات کی زد میں آجاتا ہے اور تمام فنکاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے رجو اور چندو ایک کوٹھا چلانیوالی بیگم جس کا کردار مہیش منجریکر اور ہندا بہو جس کا کردار پرکاش راج کررہے ہیں سے معاہدہ کرتے ہیں جہاں رجو کو اپنی خواہشات کے مخالف کام کرنا پڑتاہے۔

کنگنا راناوت کا ایک انٹرویوکے دوران کہنا ہے کہ اسے اپنی آنیوالی فلم ''رجو'' سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور یہ فلم اس کے شوبز کیریئر میں بڑی تبدیلی لائے گی۔ ادکارہ کا کہناتھا کہ وہ ہمیشہ رقص کرنا چاتہی تھی۔ فلم ''فیشن '' کے بعد مجھے کامیڈی کردار نہیں دیے گئے جس کی وجہ سے فلم ''تنو ویڈز منو'' میرے لیئے تبدیلی کا کھیلک تھی اور اب '' رجو'' میرے لیے ڈانس کی طرف ایک اور تبدیلی ہے مجھے امید ہے کہ یہ فلم کامیاب ہوگی اور اس میں میرا کردار شائقین کو پسند آئے گا۔



فلم میں اپنے ناچنے والی لڑکی کے کردار کے متعلق ادکارہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک انقلابی کردار ہے۔ میں نے یہ کردار کرنے سے قبل اس پر کافی کام کیا اور دیکھا کہ ایک مجر اکرنے والی لڑکی کا انداز گفتگو بہترین ہوتاہے اور وہ بہترین کردار کی مالک ہوتی ہے یہ چند چیزی ہیں جو میں نے ان میں دیکھی ہیں اور میں نے اپنے کام میں ان کا یہی روپ سامنے لانے کی کوشش کی ہے ۔ادکارہ کا کہناہے کہ اسی سال یکم نومبر کو میری فلم ''کرش تھری'' بھی ریلیز ہورہی ہے جس میں رتیک روشن اور پریانکاچوپڑانے لیڈنگ کردار ادا کیا ہے جب کہ میں اس فلم میں کایا کے کردار میں جلوہ گر ہورہی ہوں اس فلم میں بھی میرا کردار روٹین سے ہٹ کر ہے ۔جب کہ اگلے برس میری دو فلمیں ''آئی لو نیویارک'' ، ''ریوالور رانی '' ، ''کوئین '' اور ''انگلی '' ریلیز ہونگی ۔25سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں فلموں میں اپنے کرداروں میں یکسانیت نہیں چاہتی اسی لیے آنیوالی فلموں میں بھی کردار کی ورائٹی ملے گی ۔ اور نئی فلموں میں نئے انداز سے پرفارم کرنے کے لیے کوشاں رہوں گی۔

واضح رہے کہ 20مارچ 1987کو پیدا ہونے والی اداکارہ فلمی کیرئیر کا آغاز 2006میں فلم ''گینگسٹر''سے کیا ۔اداکارہ نے اپنی پہلی فلم میں عمدہ پرفارمنس سے دھوم مچادی اس پر کنگنا نے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر اور نیشنل فلم ایوارڈ جیت لیا ۔اداکارہ ہماچل پردیش کے ضلع منڈی کے علاقے بھمبالہ میں ایک اسکول ٹیچر کے گھر پیدا ہوئیں ،ابتدائی تعلیم اسی علاقے میں حاصل کی ،کالج پہنچ کر کنگنا دہلی چلی گئیں ،جہاں انھوں نے تعلیم کے ساتھ ماڈلنگ شروع کردی، اداکارہ نے ایلیٹ ماڈلنگ ایجنسی جوائن کرلی ۔2003میں ماڈلنگ کے ساتھ دہلی میں ہی تھیٹر پر اداکاری کا بھی آغاز کردیا ۔ اس عرصے میں انھوں نے اسمتا تھٹر گروپ کے ساتھ ملکر کئی ڈراموں میں پرفارم کیا ۔اداکارہ نے 2004میں پہلی مرتبہ کیمرے کے سامنے چہرہ نمائی کی ۔

اس کے بعد اداکارہ ممبئی چلی گئیں جہاں ہدایت کار انوراگ باسو نے انھیں کام کرنے کی پیشکش کی ۔کنگنا نے انوراگ کی اس پیشکش کو قبول کرتے ہوئے کیرئیر کی پہلی فلم ''گینگسٹر ''میں کام کرکے شائقین فلم کے دل جیت لیے ۔یہ فلم 2006میں ریلیز ہوئی اور دو قومی ایوارڈز کنگنا کے حصے میں آئے ۔اسی سال اداکارہ نے فلم ''وہ لمحے ''میں ثناء کا کردار نبھایا ۔2007کے دوران انھوں نے دو فلموں میں پرفارم کیا ان میں فلم ''شاکالکا بوم بوم''اور ''لائف ان اے میٹرو''شامل ہے ۔2008میں انھوں نے تامل فلم ''دھوم دھوم ''میں فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا،اسی برس پریانکا کے ساتھ فلم ''فیشن ''میں جلوے دکھائے اور اس فلم پر بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیابی ہوئی ۔اس فلم کے لیے انھیں بہترین معاون اداکارہ کا نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔

2009میں اداکارہ کی فلم ''راز''ریلیز ہوئی ۔پھر فلم ''وعدہ رہا میں مختصر کردار نبھایا مگر عمدہ پرفارمنس دی ۔ اسی سال فلم ''اک نرنجن ''میں جلوہ گرہوئیں ۔2010میں کنگنا رناوت کی 4فلمیں ریلیز ہوئیں ان میں ''کائٹس''،''ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی''، ''ناک آؤٹ''اور ''نو پرابلم ''شامل ہیں ۔2011میں فلم ''تنیو ویڈز مینو''،''گیم''،''ریڈی''،''ڈبل دھمال''،''راسکلز''اور ''ملیں نہ ملیں ہم'' شامل ہیں ۔2012میں کنگنا رناوت کی فلم ''تیز ''میں جلوہ گرہوئیں ۔

سال رواں کے دوران اداکارہ کی فلم شوٹ ایٹ ونڈالہ سینما گھروں کی زینت بنی اس فلم میں کنگنا نے انیل کپور اور جان ابراہم کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی ۔ بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی پرفارمنس نے شائقین کو متاثر کیا ہے ۔نئے کرداروں کو خوبی سے نبھانے کا سلیقہ جانتی ہیں ۔ان کی آنیوالی فلموں سے بجا طور پر مثبت توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں