عرفان نے فٹنس پر وضاحتیں پیش کرناشروع کردیں

مناسب مقدار میں پانی نہ پینے سے کریمپس کا شکارہوا،اکیڈمی میں محنت کا صلہ ملا،پیسر


Sports Desk October 15, 2013
ابوظبی ٹیسٹ:جنوبی افریقی قائد گریم اسمتھ کی وکٹ لینے پر محمد عرفان کو مصباح و دیگر کی شاباشی ۔ فوٹو : اے ایف پی

فاسٹ بولر محمد عرفان نے فٹنس پر وضاحتیں پیش کرنا شروع کردیں ۔

ان کا کہنا ہے کہ کریمپس کا فٹنس سے کوئی تعلق نہیں، مسئلہ مناسب مقدار میں پانی نہ پینے سے ہوا، سخت محنت کا صلہ مجھے فیلڈ میں مل گیا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے روزکھیل ختم ہونے پر میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ عرفان نے ابتدائی سیشن میں اپنے پہلے اسپیل میں الویرو پیٹرسن اور گریم اسمتھ کی 2 اہم وکٹیں لیں، وہ اس کارکردگی کو نیشنل اکیڈمی میں سخت محنت کی وجہ قرار دیتے ہیں، عرفان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے ٹور سے واپسی پر میں نے اپنی فٹنس پر کافی محنت کی جس کا اب صلہ مل گیا۔

15 اوورز کے دوران تکلیف سے دوچار ہونے کے بارے میں عرفان نے کہا کہ کریمپس کا فٹنس سے کوئی تعلق نہیں، میں نے مناسب مقدار میں پانی نہیں پیا جو یہاں کی گرم کنڈیشنز میں مجھے پینا چاہیے تھا۔



اسی وجہ سے مسئلہ ہوا، فٹنس کے حوالے سے پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔ عرفان نے آف اسپنر ذوالفقار بابر کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین بولر اور ہم انھیں اچھی طرح جانتے ہیں، ہم دونوںکا تعلق ملتان سے ہے۔

مجھے یقین ہے کہ انھوں نے جس کارکردگی کا مظاہرہ پہلے روز کیا اسے برقرار رکھیں گے، ویسے بھی مجھے اعتماد تھا کہ جیسے جیسے ٹیسٹ آگے چلے گا اسپنرز کا کردار بڑھنے لگے گا، اس ٹیسٹ میں ہمارا آغاز کافی اچھا ہوا، درمیان میں جنوبی افریقہ کی 1،2اچھی شراکتیں ہوئیں مگر اسپنرز ہمیں واپس کھیل میں لے آئے۔ ادھر جنوبی افریقی کرکٹر پال ڈومنی نے بھی عرفان کی بولنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اچھی طرح جانتے تھے کہ وہ ایک مشکل اور عام فاسٹ بولرز سے کافی مختلف ہیں، ڈومنی نے ہاشم آملا کو بھی سراہا جنھوں نے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں