لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری عوامی احتجاج پر مستعفی

سعد حریری نے دوسری بار وزارت عظمیٰ کا قلمدان 2016 میں سنبھالا تھا

سعد حریری نے عوامی احتجاج پر استعفیٰ دیدیا۔ فوٹو : فائل

لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے پُرتشدد حکومت مخالف مظاہروں کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم سعد حریری نے عوامی احتجاج کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے اور صدر میشال نعیم عون کو اپنا استعفی پیش کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے مستعفی ہونے کا اعلان براہ راست نشر ہونے والی اپنی ایک تقریر میں کیا جس کے بعد لبنان کی سڑکوں پر موجود احتجاجی مظاہرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

سعد حریری نے مزید کہا کہ ملک اور قوم کی بہتری کے لیے مستعفی ہورہا ہوں، ملک میں جاری پُرتشدد مظاہرے اور بے چینی کا خاتمہ میرے استعفے سے ختم ہوسکتا ہے تو ملک اور قوم کے لیے عہدہ چھوڑ دینا میرے لیے کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔




مہنگائی، کرپشن اور عوام مخالف حکومتی پالیسیوں پر رواں ماہ سے شروع ہونے والا احتجاج پُرتشدد ہوگیا تھا، ہزاروں شہریوں نے بیروت اور طرابلس سمیت لبنان کے تمام ہی بڑے شہروں کی مرکزی شاہراہوں پر ڈیرے ڈال دیئے تھے اور جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ جاری تھا جس پر 4 وزرا مستعفی اور ایک اتحادی جماعت نے حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

یہ خبر پڑھیں: لبنان میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آگئی

واضح رہے کہ سعد حریری نے دوسری بار وزارت عظمیٰ کا قلمدان اگست 2016ء میں سنبھالا تھا قبل ازیں وہ 2009ء سے 2011ء تک وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔ سعد حریری کے والد رفیق حریری بھی دو مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوچکے ہیں۔
Load Next Story