جامعہ کراچی داخلوں کے لیے رجحان ٹیسٹ این ٹی ایس سے کرانے کافیصلہ

اس سال 20شعبہ جات میں داخلے رجحان ٹیسٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے جس میں 9 نئے شعبہ جات شامل کیے گئے ہیں۔

کوٹوں پرداخلہ لینے والے امیدواروں کورجحان ٹیسٹ میں حاصل 10مارکس کی رعایت ختم کردی گئی ہے. فوٹو: فائل

KARACHI:
جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل نے نئی تعلیمی سال 2014میں داخلوں کے لیے رجحان ٹیسٹ این ٹی ایس سے کرانے کی منظوری دے دی ہے اوراس سال 20شعبہ جات میں داخلے رجحان ٹیسٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے جس میں 9 نئے شعبہ جات شامل کیے گئے ہیں۔

ادھر جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل نے تمام کوٹوں پر ہونے والے داخلوں کے سلسلے میں رجحان ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس اوپن میرٹ کے مساوی کردیے ہیں اورکوٹوں پرداخلہ لینے والے امیدواروں کورجحان ٹیسٹ میں حاصل 10مارکس کی رعایت ختم کردی گئی ہے، جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کااجلاس پیرکوشیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹرمحمد قیصرکی زیرصدارت منعقدہوا،اجلاس میں جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ اینڈ سا ئنس، انگریزی ، خصوصی تعلیم ، تعلیم، ابلاغ عامہ ، بین الاقوامی تعلقات ، معاشیات ، فارمیسی اورمائیکروبیالوجی میں داخلے رجحان ٹیسٹ کی بنیاد پر دیے جانے کی حتمی منظوری دے دی گئی ۔


اس سے قبل کیمیکل انجینئرنگ، بائیوٹیکنالوجی، کمپیوٹرسائنس، اپلائیڈفزکس، انوائرمینٹل سائنس، ویژول اسٹڈیز، پبلک ایڈمنسٹریشن ، کامرس اور بزنس اسکول میں ہونے والے رجحان ٹیسٹ بھی این ٹی ایس سے کرائے جانے کی منظوری دے دی گئی، ان تمام شعبوں میں آنرز اورماسٹرزکی داخلوں سے قبل ٹیسٹ این ٹی ایس کے تحت ہوگا ، ٹیسٹ میں 50 فیصد نمبر لانا لازمی ہیں، فارم ڈی میں داخلے کے لیے 60 فیصد نمبر لانا لازمی ہیں، یونیورسٹی اعلامیے کے مطابق کوٹا سسٹم کے تحت داخلہ حاصل کرنے کے خواہشمند امیدواروں کے لیے بھی 50 فیصد اور ڈی فارم کے لیے 60 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا، داخلوں کا اعلان اگلے ماہ کیا جا ئے گا۔

 
Load Next Story