پٹرول نے ایک بار پھر سنچری عبور کرلی نئی قیمت 104روپے 55پیسے لیٹر مقرر ڈیزل اور مٹی کا تیل بھی مہنگا

مٹی کے تیل کی قیمت 102.22روپے لیٹر مقرر،اطلاق آج سے ہوگا۔

مٹی کے تیل کی قیمت 102.22روپے لیٹر مقرر،اطلاق آج سے ہوگا، مشیرپٹرولیم کی 50فیصد اضافہ صارفین پر منتقل کرکے قیمتیں کم کرنے کی تجویز مسترد۔ فوٹو: کریٹیو کامنز

ISLAMABAD:
پٹرول کی قیمت نے ایک مرتبہ پھر سنچری عبور کرلی، پٹرول کی فی لیٹر قیمت104 روپے55 پیسے ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے آئندہ پندرہ روز کیلیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے بھیجی گئی سمری کی وزارت پٹرولیم نے منظوری دے دی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ، نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں7 روپے77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت104 روپے55 پیسے ہوگی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں5 روپے94 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اور اب اس کی فی لیٹر قیمت112 روپے13 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت5 روپے54 پیسے اضافے سے اب98 روپے84 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، مٹی کے تیل پر5 روپے86 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب نئی قیمت102 روپے22 پیسے فی لیٹر ہوگی، ہائی اوکٹین کی فی لیٹر قیمت میں8 روپے18 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت133 روپے19پیسے فی لیٹر وصول کی جائے گی۔


قبل ازیںوزارت خزانہ نے 50 فیصد اضافہ صارفین پر منتقل کرنے اور50 فیصد پٹرولیم لیوی میں ایڈجسٹ کر کے صارفین کے لیے قیمتیں کم کرنے کی مشیر پٹرولیم عاصم حسین کی تجویز مسترد کردی جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور اوگراکی تجویز مان لی گئی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد مختلف شہروں میں پٹرول پمپ بند ہوگئے جبکہ پٹرول کی عدم دستیابی کی شکایات ملی ملیں،اس سے پہلے بھی پٹرول کی قیمت نے ایک سو روپے فی لیٹر کا بیریئر عبور کرکے سنچری کی تھی۔

ایک ٹی وی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کے موقع پر عوام کی طرف سے نرخوں میں اضافے پر ہر بار احتجاج کیا جاتا ہے لیکن ان کی صدائے احتجاج ہر بار اقتدار کے ایوانوں سے ٹکرا کر لوٹ آتی ہے۔اوگرا نے وزارت پٹرولیم کی ایڈوائس پر سی این جی کی قیمتوں میں7.11 روپے فی کلو گرام تک اضافہ کیا ہے جس کے تحت راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت ریجن ون کیلیے سی این جی کی قیمت 7.11 روپے اضافہ کے ساتھ88.61 روپے سے بڑھ کر95.72 روپے فی کلو جبکہ ریجن ٹو کیلیے 6.50روپے اضافہ کے ساتھ80.94 روپے سے بڑھ کر87.44 روپے فی کلوگرام ہو گئی۔
Load Next Story