کراچی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں6افراد ہلاک

خاص خیلی گوٹھ سے ابراہیم حیدری کے اسکول ہیڈ ماسٹر، لیاری ایکسپریس وے اور الآصف اسکوائر سے 2افراد کی لاشیں برآمد


Staff Reporter October 15, 2013
پاپوش نگر میں جائیداد کے تنازع پر چچا کی فائرنگ سے 2بھتیجے مارے گئے،فوٹو: فائل

شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

پاپوش نگر تھانے کی حدود میں روہی داد نگر میں واقع لال مسجد کے قریب فائرنگ سے2 افراد جاں بحق اور بچے سمیت4 افراد زخمی ہو گئے، ایس ایچ او شوکت اعوان نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائرنگ سے21 سالہ مہتاب اور18سالہ اریب ہلاک اور 12سالہ منیب ، عدیل، سجاد اور اظہار زخمی ہوئے ہیں، مقتولین بجلی نگر مومن آباد اورنگی ٹائون کے رہائشی تھے، مقتولین پر ان کے سگے چچا حاجی معروف اور اس کے3 بیٹوں، سلیم، عامر اور تنویر نے فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔

حاجی معروف اور ان کے بھتیجوں میں جائیداد کا تنازع تھا اسی سلسلے میں حاجی معروف نے مقتولین کو بات چیت کرنے کے لیے اپنے گھر بلایا تھا اورگلی میں کھڑے بات چیت کر رہے تھے کہ کسی بات پر تلخ کلامی شروع ہو گئی، حاجی معروف اور اس کے بیٹوں نے مشتعل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اس کے2 بھتیجے جاں بحق اور 4 بھتیجے زخمی ہو گئے ، بعدازاں پاپوش نگر پولیس نے مرکزی ملزم حاجی معروف اور اس کے بیٹے سلیم کو گرفتار کر لیا۔ سکھن تھانے کی حدود خاص خیلی گوٹھ میں واقع مکان سے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ابراہیم حیدری کے ہیڈ ماسٹر58 سالہ محمد موسیٰ کی لاش ملی۔



ایس ایچ او رائو رفیق کا کہنا ہے کہ اسپتال میں محمد موسیٰ کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا اور طبی معائنے میں متوفی کے جسم پر کسی قسم کے کوئی نشانات نہیں تھے ، متوفی کے قریبی رشتے داروں نے الزام عائد کیا ہے ہیڈ ماسٹر کو مبینہ طور پر تشدد کر کے قتل کیا گیا اور مبینہ تشدد میں متوفی کے داماد کا قریبی رشتے دار ملوث ہے۔ پاک کالونی تھانے کی حدود لیاری ایکسپریس وے دھوبی گھاٹ کے قریب سے نامعلومشخص کی لاش ملی۔ سہراب گوٹھ تھانے کی حدود الاصف اسکوائرکے قریب مسافر خانے سے30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔

رضویہ تھانے کی حدود میں فائرنگ سے35 سالہ کاشف زخمی ہو گیا۔دریں اثنا پاپوشنگر میں جائیدار کے تنازعے پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے 8 سالہ اظہار ولد نذیر نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو بغل کے قریب گولی لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی بعدازاں پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔