امریکا بھارت کوپاکستان پرحملے کیلیے اکسارہا ہےمنورحسن

طالبان بھی مذاکرات کاایجنڈا سامنے لائیں ، فریقین کوایک دوسرے پراعتمادکرنا پڑے گا،امیر جماعت اسلامی


Numainda Express October 15, 2013
حکومت امریکی خوف سے قومی امنگوں اوریکجہتی کاخون کررہی ہے ، کارکنوں سے گفتگو فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسید منورحسن نے امریکا اوربھارت کی طرف سے حقانی نیٹ ورک اورلشکرطیبہ کو فنڈز کی فراہمی رکوانے پر ایک دوسرے سے تعاون کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کے سابق سیکریٹری خارجہ اورجنرل وی کے سنگھ کے اس اعتراف کے بعد کہ'' نہ صرف سمجھوتہ ایکسپریس،بھارتی پارلیمنٹ اور ممبئی حملے ہم نے خودکرائے بلکہ پاکستان میں تخریب کاری کے لیے انھو ں نے باقاعدہ فورس بنا رکھی ہے اورکوئی پاکستانی بھارت میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث نہیں تھا اس کے باوجود امریکا بھارت کی سرپرستی کررہا ہے اور اسے حملے پر اکسا رہا ہے ۔

بھارت میں درجنوں دہشتگرد تنظیمیں موجود ہیں جن کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں''۔ منصورہ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے منورحسن نے کہاکہ امریکا خطے میں طاقت کے توازن کوبھارت کے حق میں کرناچاہتا ہے اور بھارت کوپاکستان پرحملے کے لیے اکسارہا ہے۔ بھارت اوراسرائیل کشمیراورفلسطین پرنصف صدی سے زائد عرصے سے ناجائزقبضہ کیے ہوئے ہیں۔



اقوم متحدہ امریکی دبائوکی وجہ سے 2 کروڑ مسلمانوں پرہونے والے بدترین مظالم اور مسلمانوں کی نسل کشی روکنے کے لیے تیارنہیں۔ منورحسن نے کہا کہ حکومت نے اے پی سی کے فیصلوں کو بھی درخوراعتنا نہیں سمجھا اورامریکی خوف سے قومی امنگوں اور یکجہتی کا خون کررہی ہے۔منورحسن نے کہا کہ طالبان کی طرف سے بھی مذاکرات کا ایجنڈا سامنے آنا چاہیے،انھیں اپنی شرائط اور تحفظات سے میڈیا کے بجائے اپنے نمائندوں کے ذریعے حکومت کوآگاہ کرنا چاہیے۔ فریقین کو فوری طور پرایک دوسرے کواعتماد میں لیکرآگے بڑھناہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں