پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز کی ہڑتال مریضوں کو مشکلات کا سامنا

راولپنڈی میں ایم ٹی آئی کے خلاف ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے


ویب ڈیسک October 30, 2019
راولپنڈی میں ایم ٹی آئی کے خلاف ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ فوٹو : فائل

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پنجاب میں ایم ٹی ایکٹ کے خلاف ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث او پی ڈیز میں کام ٹھپ ہوگیا ہے جب کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خیبرپختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں بھی ڈاکٹرز کی ہڑتال نے مشکلات پیدا کردی ہیں۔

پشاور میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر صوبے بھر کے اسپتالوں میں 36 ویں روز بھی ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری ہے جس کے باعث اسپتالوں میں اوپی ڈیز و الیکٹو سروسز بند ہیں جب کہ پولیو مہم کا بائیکاٹ بھی جاری ہے، لکی مروت اور چارسدہ سے بھی مزید ڈاکٹروں نے پولیو کے خاتمے کی کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے استعفے دے دیے ہیں۔

فیصل آباد میں بھی ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیچنگ اسپتالوں میں ہڑتال 20 ویں روز بھی جاری ہے، آؤٹ ڈور وارڈز، آپریشن تھیٹرز، لیبارٹریز اور ان ڈور وارڈ میں مکمل ہڑتال ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں ایم ٹی آئی کے خلاف ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، ذرائع وائے ڈی اے کے مطابق صوبائی وزیر صحت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جب کہ ہڑتالی ڈاکٹرز اور نرسز کو برطرف کرنے کے لیے فہرستیں بھی تیار کرلی گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں