طالبان نے باجوڑ سے لاپتہ 15فوجیوں کے سر قلم کردیے وڈیو جاری

افغان شدت پسندپسپا،باٹوارکاعلاقہ کلیئر،اورکزئی میں قبائلی رہنما اور چارسدہ میں پولیس اہلکا ر قتل۔


AFP/Numaindgan Express September 01, 2012
افغان شدت پسندپسپا،باٹوارکاعلاقہ کلیئر،اورکزئی میں قبائلی رہنما اور چارسدہ میں پولیس اہلکارقتل۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: طالبان نے باجوڑ سے لاپتہ ہونیوالے 15فوجیوں کو ہلاک کرنیکا دعویٰ کیا ہے، اے ایف پی کو تحریک طالبان ملاکنڈ کے ترجمان سراج الدین کی جانب سے بھیجی جانیوالی ویڈیو میں ایک کمانڈر کو زمین پر رکھے گئے 12 انسانی سروں کے قریب دکھایا گیا ہے ، سراج الدین کے مطابق ویڈیو میں نظر آنیوالے سر باجوڑ میں مارے جانیوالے فوجیوں کے ہیں ، ویڈیو میں مرنیوالوں کے شناختی کارڈ بھی دکھائے گئے ، عسکری ذرائع نے تصدیق نہیں کی کہ ویڈیو میں دکھائے جانیوالے افراد لاپتہ فوجی ہیں یا یہ پاکستانی فوجی ہیں۔

تاہم اے ایف پی کے مطابق ایک سینئر سکیورٹی اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ باجوڑ میں لاپتہ ہونیوالے 15 فوجی تاحال نہیں ملے ہیں، طالبان کے ترجمان سراج الدین نے منگل کو بھی 15 اہلکاروں کو ذبح کرنیکا دعویٰ کیا تھا۔ ادھرباجوڑ کی تحصیل سلارزئی میں امن لشکر اور سکیورٹی فورسز کی افغان شدت پسندوں کیخلاف کارروائی آٹھویں روز بھی جاری رہی ، بھاری توپخانوں سے گولہ باری کے دوران شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے تباہ کردیئے گئے تاہم جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق شدت پسندوں کو پسپا کرکے باٹوار کے متاثرہ علاقہ کو کلیئر کرالیا گیا، فورسز کی پیشقدمی جاری ہے، کشیدگی کے باعث سینکڑوں خاندانوں نے نقل مکانی کی ہے۔ دریں اثناء اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی اور جھڑپ میں اہم کمانڈر سمیت 18 شدت پسند ہلاک اور7 زخمی ہوگئے ، طالبان کے زیر قبضہ علاقے ماموں زئی میں گل کدہ کے مقام پر جمعہ کے روز جھڑپ ہوئی جس میں دونوں اطراف سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق اہم کمانڈر اسحق عرف مظلوم یار سمیت 8 شدت پسند ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرلیاگیا ۔

ادھر اورکزئی کی لوئر تحصیل کے علاقہ وچ پل کے مقام پر شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فورسز نے گولہ باری کی جس سے6 شدت پسند ہلاک اور3زخمی ہوگئے ، آن لائن کے مطابق اس کارروائی میں 10 شدت پسند مارے گئے جبکہ انکے 2 ٹھکانے تباہ کردیئے گئے، فیروز خیل میں نماز جمعہ کے بعد گھات لگائے شدت پسندوں کی فائرنگ سے قبائلی رہنما ملک زرین جاں بحق ہوگئے ، لوئر اورکزئی ہی کے علاقہ خوازہ درہ میں 4 افراد کو اغوا کرلیا گیا، چارسدہ کے علاقہ عمرزئی میں ڈیوٹی کے بعد گھر جانیوالا کمیونٹی پولیس کا اہلکار قتل کردیا گیا، ہنگومیں دو گروپوں کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جبکہ کچہ بانڈہ سے 2 افراد کو اغوا کرلیاگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں