ایم کیو ایم کی مدد کے بغیر کراچی میں آپریشن کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا فاروق ستار

ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کو آپریشن میں مدد کی پیشکش کی لیکن یہاں مدعی سست اور گواہ چست والا معاملہ ہے، فاروق ستار


ویب ڈیسک October 15, 2013
ایسا لگ رہا ہے کہ ایم کیو ایم کو آپریشن کا مطالبہ کرنے کی سزا دی جارہی ہے، فاروق ستار فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی مدد کے بغیر کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہونے والا آپریشن کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔

لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جرائم کے اڈے اور دہشت گردوں کی کمین گاہیں ختم کئے بغیر کراچی میں امن قائم نہیں ہوسکتا، دہشت گردوں کے مراکز کسی سے پوشیدہ نہیں لہٰذا ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کو آپریشن میں مدد کی پیشکش کی لیکن یہاں مدعی سست اور گواہ چست والا معاملہ ہے، صوبائی حکومت ہمارا تعاون لیتی تو آپریشن کے نتائج مختلف ہوتے تاہم اب بھی وقت ہے کہ کراچی آپریشن کو ناکام ہونے سے بچایا جائے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ عام تاثر ہے کہ حکومت سندھ کراچی آپریشن کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کر رہی ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ ایم کیو ایم کو آپریشن کا مطالبہ کرنے کی سزا دی جارہی ہے لیکن وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور ایم کیو ایم کے تعاون سے ہی کراچی آپریشن کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں قیام امن کے لئے عوام کی آواز سننا بھی ضروری ہے، آپریشن خفیہ طریقے سے اور چالاکی کے ساتھ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اگر اعلانیہ آپریشن کیا گیا تو شاید اس کا کوئی فائدہ نہ ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں