افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ

بھارتی سازشیں افغانوں کی بربادی میںکلیدی کردار ادا کر رہی ہیں


Editorial October 30, 2019
بھارتی سازشیں افغانوں کی بربادی میںکلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فوٹو: فائل

پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے چھ جوان اور خاتون سمیت پانچ شہری زخمی ہونے کی خبر انتہائی تشویش ناک ہے، یہ عمل سفارتی آداب کے منافی ہے اور اسے احسان فراموشی کے علاوہ کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔ گزشتہ تین سے چار دہائیوں تک ہم نے افغانوںکی میزبانی کی انھیں اپنا بھائی سمجھا ، ان کے لیے دیدہ و دل فرش راہ کیا۔ ان کی بحیثیت مسلمان اور برادر اسلامی ملک ہونے کے ناتے دامے، درمے، قدمے، سخنے مدد کی۔ یہ نہ کوئی پہلا واقعہ ہے اور نہ آخری کہ افغان فوج کی جانب سے سرحد پر اشتعال انگیزی کی گئی ہو۔

اس سے قبل بھی افغان فوج بھارتی فوج کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایسی اشتعال انگیزکارروائیاں کرتی رہی ہے، تاہم ہمیشہ ہی اسے پاک فوج کے بھرپورجواب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ماضی قریب میں خاص کر افغان فوج نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے عمل کو متاثرکرنے کی ہمیشہ کوشش کی ہے، تاہم اسے اپنے اس مقصد میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

عالمی منظر نامے کے تناظر میں دیکھا جائے تو ایک طرف تو حکومت پاکستان بطور سہولت کار افغان عمل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل استعمال کر رہی ہے تا کہ افغانستان میں مستقل بنیادوں پر امن قائم ہو سکے وہ حکومت متحارب گروہوں اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لاچکی ہے گو امریکا طالبان کو امن مذاکرات کا حصہ نہیں بنانا چاہتا تھا۔ ہم مذاکرات کی میزبانی بھی کر رہے ہیں لیکن اس بھلائی کا صلہ پاکستان کو کیا مل رہا ہے سوچنے کی بات ہے کہ افغان فورسز صوبہ کنٹر ضلع ناری سے بھاری مشین گنوں سے نہ صرف ہمارے شہریوں پر بلا اشتعال فائرنگ کرتی ہیں بلکہ مارٹر گولوں کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب پشاور میں افغان سفارتخانے کے بند ہونے کے باعث سیکڑوں شہریوں کے پاسپورٹ سفارتخانے کے اندر پھنس گئے ہیں ، افغان حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث نہ صرف پاکستانی شہریوں بلکہ افغانستان کے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، جب کہ افغانستان میں دو پاکستانی شہریوں کو بھی افغان خفیہ ایجنسی کی جانب سے اغواء کیا گیا ہے جن میں ایک انجینئر اور ایک طالب علم شامل ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ افغان حکومت یہ سب کر کے بھارت اور اس کے سرپرستوں کو خوش کرنا چاہتی ہیں؟ بھارتی سازشیں افغانوں کی بربادی میںکلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، جس بناء پر افغان حکومت کو دوست اور دشمن کی پہچان نہیں رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں