سب سے کم حادثے میرے دور میں ہوئے استعفیٰ پر اتوار کو جواب دوں گا شیخ رشید

اس حادثے میں ریلوے کی کوتاہی ضرور ہے جس کی تحقیقات کریں گے، شیخ رشید


ویب ڈیسک October 31, 2019
اس حادثے میں ریلوے کی کوتاہی ضرور ہے جس کی تحقیقات کریں گے، شیخ رشید فوٹو: فائل

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سب سے کم حادثے میرے دور میں ہوئے اور اپنے استعفیٰ پر اتوار کو جواب دوں گا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سولہ ماہ میں صرف تین حادثات ہوئے ہیں، تیزگام حادثے میں ریلوے کی غلطی نہیں بلکہ لوگ قانون کا احترام نہیں کرتے، ٹرین میں آگ بجھانے کا آلہ لگا ہوتا ہے لیکن آگ کی شدت بہت زیادہ تھی اور آگ بجھانے کا آلہ چھوٹا تھا جب کہ کسی مسافرنے اس آلہ کا بھی استعمال نہیں کیا۔

حادثے کے ذمہ دار مسافر

شیخ رشید نے حادثے کی ذمہ داری مسافروں پر ڈالتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ریلوے کی نہیں بلکہ مسافروں کی غلطی ہے، مسافروں نے ناشتہ بنانے کے لیے سلنڈرجلایا جس کے بعد چلتی ٹرین میں آگ لگ گئی۔ چھوٹے اسٹیشنوں پراسکینرکا نظام موجود نہیں لہٰذا تحقیقات کریں گے کہ مسافرکون سے اسٹیشن سے سلنڈر لیکر چڑھے۔

15دن میں تحقیقاتی رپورٹ

شیخ رشید نے کہا کہ ہر کمپارمنٹ میں گاڑی کو روکنے کیلئے چین ہوتی ہے، تیزگام ایکسپریس چین کھینچنے کی وجہ سے رکی ورنہ پوری ٹرین جل جاتی، سانحہ تیزگام ایکسپریس سلنڈراورچولہے جلانے کی وجہ سے پیش آیا، وزیراعظم نے انکوائری کی ہدایت کردی ہے،15دن میں رپورٹ ملے گی۔

ریلوے کی کوتاہی

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ دونوں بوگیوں میں بیک وقت آگ لگی، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، اس حادثے میں ریلوے کی کوتاہی ضرور ہے جس کی تحقیقات کرکے وجہ سامنے لائیں گے، سب سے کم حادثے میرے دور میں ہوئے ہیں، اگر کہیں گے تو رپورٹ پیش کردوں گا، اپنے استعفیٰ پر اتوار کو جواب دوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں