ہول سیل اورپرچون قیمتوں میں فرق ناجائزمنافع خوری کی نشاندہی کرتاہے وزیراعظم

اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے اشیا کی دستیابی کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جائے، وزیراعظم


ویب ڈیسک October 31, 2019
تمام ضروری انتظامی اقدامات موثر طریقے سے اٹھانے پر خصوصی توجہ دی جائے، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی ہول سیل اور پرچون قیمتوں میں خاطر خواہ فرق ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوری کی نشاندہی کرتا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیرِ عظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور مہنگائی پر قابو پانے سے متعلق اقدامات پر اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داوٴد، وزیرِ اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جوان بخت اور دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں خصوصاً گندم اور آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے کیے جانے والے اقدامات اور ان کے نتائج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے حکومت کے حالیہ اقدامات کے نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

اجلاس کے شرکا نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے پاسکو کے ذخائر سے صوبوں کو ساڑھے 6 لاکھ ٹن گندم ریلیز کرنے کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ملک میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے سے اس میں مزید بہتری آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی ہول سیل اور پرچون قیمتوں میں خاطر خواہ فرق ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوری کی نشاندہی کرتا ہے، اس فرق کو کم کرنے کے لئے انتظامی سطح کے اقدامات کو مزید موثر بنانے کی طرف خصوصی توجہ دی جائے، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے اشیا کی دستیابی کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جائے، تمام ضروری انتظامی اقدامات موثر طریقے سے اٹھانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔