لاہور طیارہ رن وے سے اتر گیا10مسافر زخمی پروازیں متاثر

اسلام آباد سے آنیوالی پی آئی کی پرواز کو حادثہ پھسلن کے باعث پیش آیا ، لینڈنگ گیئر کو نقصان.


APP/Numainda Express September 01, 2012
لاہور:پی آئی اے کا طیارہ پھسل کر رن وے سے اترگیا ،سیکیورٹی اہلکار طیارے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پی پی آئی

اسلام آباد سے لاہور آنیوالا مسافر طیارہ پھسلن کے باعث رن وے سے نیچے اتر گیا جس کے باعث 10مسافر معمولی زخمی ہو گئے ۔ حادثے کے بعد پروازوں کی آمدورفت دو گھنٹے کیلیے معطل کردی گئی ۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے لاہور آنے والی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے653لینڈنگ کے دوران بارش کی وجہ سے پھسل کر رن وے سے اترکر کچے میں پہنچ گئی جس سے10مسافر معمولی زخمی ہو گئے ۔ طیارے کے رن وے سے اترتے ہی ائیرپورٹ پر موجود امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے مسافروں کو جہاز سے نکال کر بسوں کے ذریعے لائونج میں منتقل کیا جبکہ معمولی زخمی مسافروں کو فوری ابتدائی طبی امداد دی گئی ۔

اس حادثے کے بعد لاہور ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت معطل ہو گئی اور پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئیں ۔ انتظامیہ کی طرف سے لاہور ائیرپورٹ پر اترنے والے جہازوںکیلئے ساتھ واقع ایمرجنسی رن وے نمبر 5 کو کھولدیا گیا ۔ جہاز کو رن وے سے ہٹانے کیلئے بھاری مشینری منگوالی گئی جس نے جہاز کو رن وے سے ہٹایا ۔ وزیر دفاع نے واقعے کی تحقیقات کا فوری حکم دیدیا ہے جس کیلئے کراچی سے ٹیم لاہور آئے گی ۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق پائلٹ نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے طیارے کوروک لیا تاہم طیارے کے مین گیئر کو نقصان پہنچا ۔ تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے اور بسوں کے ذریعے لائونج منتقل کر دئے گئے ۔ نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں ایک انکوائری بورڈ اس حادثے کی تحقیقات کرے گی ۔سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق پی کے653کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران لینڈنگ گیئر اور ایک وہیل ٹوٹا ہے ۔

حادثے کے فوری بعد عارضی طور پر رن وے بند کیا گیا تاہم طیارے کو ہٹانے کے بعد پرائمری رن وے لینڈنگ کیلئے کھول دیا گیا ۔ ثناء نیوز کے مطابق طیارے کے دو پہیے ٹوٹ گئے ۔ اے پی پی کے مطابق کویت سے لاہو آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو انجن فیل ہونے کے باعث کوئٹہ ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرا دی گئی ۔ تاہم تمام مسافرمحفوظ رہے ۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کویت سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو انجن فیل ہونے کے باعث کوئٹہ ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی تاہم تمام مسافرمحفوظ رہے ۔ مرمت کے بعد جہاز کو لاہور روانہ کر دیا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں