پی اے سی کا پاکستانی سفارتخانوں میں خراب ریڈایبل پاسپورٹ مشینوں کا نوٹس

بلیوپاسپورٹ بنانے،تنسیخ پاسپورٹ کی پالیسی طلب،آئندہ افسران فائلیں خوداٹھا کرآئیں،ندیم افضل چن.


Numainda Express September 01, 2012
بلیوپاسپورٹ بنانے،تنسیخ پاسپورٹ کی پالیسی طلب،افسران کا عملہ ساتھ لانے پر ناراضی،آئندہ افسران فائلیں خوداٹھا کرآئیں،ندیم افضل چن۔ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے سیکریٹری داخلہ خواجہ صدیق اکبرکی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہارکیا ہے اور وزارت داخلہ کے آڈٹ اعتراضات کااحتجاجاً جائزہ نہ لیتے ہوئے وزارت کاآئٹم موخرکردیاہے۔کمیٹی کا اجلاس جمعہ کوچیئرمین ندیم افضل چن کی زیرصدارت ہواجس میں وزارت ماحولیاتی تبدیلی، داخلہ اور خارجہ کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔رکن کمیٹی حامد یارہراج نے بتایاکہ سیکریٹری داخلہ کے بلیو پاسپورٹ کے بارے میں دیے گئے بیان کوچیلنج کرتاہوںکہ انھوں نے کمیٹی میں غلط بیانی کی،جیسا وزیر ویسا ہی سیکریٹری ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے اعلیٰ حکام کاعملہ ساتھ لانے کابھی سخت نوٹس لیا اورکہاکہ تمام سیکریٹریز کولکھاجائے کہ افسران آئندہ اپنی فائلیںخوداٹھا کرآئیںکریں۔کمیٹی نے بلیوپاسپورٹ بنانے، بیرون ملک مشن بھیجنے اور پاسپورٹ منسوخ کرنے کی پالیسی وزارت داخلہ سے 6 ستمبر تک طلب کرلی۔کمیٹی نے وزارت داخلہ کے بیرون ملک مشن پرافسران تعینات کرنے کی پالیسی طلب کرلی۔رکن کمیٹی نورعالم نے کہاکہ اسلام آباد میں درخت کاٹے جارہے ہیںکسی کوپروا ہی نہیں ہے وزارت ماحولیات فضول میں بنائی گئی ہے۔آڈٹ حکام نے بتایاکہ پیپکانے ایک کمپنی سے ایک کروڑ64 لاکھ روپے لیناتھے جس میں21 لاکھ وصول اور77 لاکھ معاف کئے گئے ہیں جبکہ70 لاکھ باقی ہیں۔کمیٹی نے ایک ماہ میں وصولی کی ہدایت کی۔ ارکان نے کہا کہ77 لاکھ کس قانون کے تحت معاف کئے اسکی رپورٹ دی جائے۔

اے پی پی کے مطابق کمیٹی نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں خراب ریڈایبل پاسپورٹ مشینوں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ثنا نیوز کے مطابق کمیٹی نے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے منصوبے میں خلاف ضابطہ تقرریوں پر رپورٹ مستردکردی۔آئی این پی کے مطابق (ق) لیگ نے پی اے سی میں ریاض پیرزادہ کی جگہ اکرم مسیح گل کو رکن نامزدکردیاہے اس ضمن میں پرویزالہیٰ نے ان کی رکنیت کے خاتمے کیلیے اسپیکرکوخط بھی لکھا ہے تاہم ریاض پیرزادہ نے خط ماننے سے انکار کردیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں