فضل الرحمان کو احتجاج کیلیے فائیو اسٹار سہولتیں فراہم کیں فردوس عاشق اعوان

اگر ہم خوف زدہ ہوتے تو مولانا صاحب کو یہ سہولتیں نہ دیتے، معاون خصوصی


ویب ڈیسک November 01, 2019
اگر ہم خوف زدہ ہوتے تو مولانا صاحب کو یہ سہولتیں نہ دیتے، معاون خصوصی فوٹو:فائل

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو احتجاج کیلیے فائیو اسٹار سہولتیں فراہم کی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کے لیے سہولت کاری کی اور فائیو اسٹار سہولتیں فراہم کی ہیں، اگر ہم خوف زدہ ہوتے تو مولانا صاحب کو یہ سہولتیں کیسے دیتے، ہم نے کرپشن بچاؤ مہم کو ناکام بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توہین عدالت کیس میں فردوس عاشق اعوان کی معافی قبول

معاون خصوصی نے کہا کہ ایسا پرسکون ماحول دیا جہاں وہ جوش جذبے سے اسلام کے لئے نہیں بلکہ صرف اپنی ذات کیلئے گفتگو کریں، تاکہ عوام سنیں ان کا ایجنڈہ کیا ہے، خواہشات اور ارمان کیا ہیں، ان سب کے لئے ایک ماحول بنانا ضروری تھا جس کے لیے حکومت نے سہولیات دے دیں، دیکھنا اب یہ ہے جمہوری حکومت کو گرانے کیلئے کیا ایجنڈا سامنے لے کر آتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن چاہتی ہے حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ایجنڈے میں ناکام ہو جائے، فضل الرحمان کا مارچ کرپشن کے تحفظ کیلئے ہے، کرپشن زدہ سارے چہرے آپ کو ایک کنٹینر پر نظر آئیں گے، یہ جمہوریت کا لبادہ اوڑھے جمہوری حکومت گرانے نکلے ہیں، دنیا بھر میں حکومتی کرپشن کے خلاف مظاہرے ہوتے ہیں، یہاں پر کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے مارچ ہو رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ہماری پارلیمنٹ اور سینیٹ میں اکثریت نہیں، اس لیے قوانین کی تشکیل میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے صدرمملکت نے کئی قوانین سے متعلق آرڈیننس جاری کیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں