ڈیپ فریزرویفریجریٹرکی فروخت میں عام دنوں کی نسبت اضافہ

الیکڑانکس مصنوعات کی مارکیٹ میں خریداروں کاہجوم،ڈیلرز کاروبار سے مطمئن نہیں

کراچی: صارفین الیکٹرانکس مارکیٹ صدر سے ریفریجریٹرز خرید رہے ہیں۔فوٹو : آن لائن

عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھنے کے لیے ڈیپ فریزر اور یفریجریٹر کی فروخت میں عام دنوں کی نسبت اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

شہر میں الیکڑانکس مصنوعات کی سب سے بڑی مارکیٹ ریگل چوک صدر میں عید الاضحی سے ایک روز قبل تک ڈیپ فریزر اور ریفریجریٹر کی خریداری کے لیے عوام کا رش رہا اور لوگ قربانی کے گوشت کو طویل عرصے تک محفوظ رکھنے کے لیے ڈیپ فریزر اور ریفریجریٹر کی خریداری میں مصروف رہے تاہم کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان کہا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث عید قرباں پر ڈیپ فریزر اور ریفریجریٹر کی خریداری میں25تا30فیصد کی کمی دیکھی جارہی ہے۔




محمد رضوان کے مطابق بینکوں کی جانب سے کنزیومر فنانسنگ نہ کیے جانے کے سبب عید کے موقع پر گھریلو الیکٹرانک مصنوعات کی روایتی خریداری ہر سال کم ہوتی جا رہی ہے، عید پر زیادہ تر مائیکروویو اوون، الیکٹرانک گرل، جوسر بلینڈرز، چوپرز ، ڈیپ فریزرز اور ریفریجریٹرز فروخت کیے جاتے ہیں، اس سال ڈیپ فریزرز کی قیمت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 4500روپے تک کا اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ڈیپ فریرزرز کی فروخت بھی کمی کاشکار ہے۔

جبکہ ریفریجریٹر کی قیمت میں بھی گزشتہ سال کی نسبت 5تا6ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ محمد رضوان نے بتایا کہ عید قربان پر ریفریجریٹر کی بہ نسبت ڈیپ فریزر کی فروخت کا رجحان زیادہ ہوتا ہے۔ دریں اثنا عید سے قبل ڈیپ فریزرز اور ریفریجریٹرز کی سروس اور مرمت کرنے والوں کی بھی خوب چاندی ہورہی ہے، زیادہ تر گھروں میں عید سے قبل ریفرجریٹرز اور ڈیپ فریزر کی سروس کرائی جاتی ہے تاکہ قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھا جاسکے، ریفریجریٹر مرمت کرنے والوں نے موقع سے فائدہ اٹھاکر منہ مانگی اجرت وصول کی اور ریفرجریٹر ورکشاپس اور دکانیں رات کو دیر تک کھلی رہیں۔
Load Next Story