ایف آئی اے میں سیاسی افرادکے رشتے داروں کی ڈیپوٹیشن پربھرتیاں

سیاسی بنیادپربھرتی کیے گئے زیادہ تر افرادکاتفتیش یاتفتیشی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


Adil Jawad September 01, 2012
سیاسی بنیادپربھرتی کیے گئے زیادہ تر افرادکاتفتیش یاتفتیشی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے، فوٹو: فائل

PESHAWAR: ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات سیاسی اور دیگر اہم شخصیات کے قریبی رشتے داروں نے اپنی ذاتی گاڑیوں پرایف آئی اے کی نمبرپلیٹ اورسیکیورٹی اداروں کیلیے مخصوص ہوٹر اور نیلی بتیاںنصب کررکھی ہیں،اعلی حکام کی جانب سے اس سلسلے میںمتعدد بار تنبیہ کرنے کے باوجود یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

ایف آئی اے میں گذشتہ کچھ عرصے کے دوران بااثرسیاسی اوردیگراہم شخصیات کے قریبی رشتے داربڑے پیمانے پر ڈیپوٹیشن پرتعینات کیے گئے ہیں،زیادہ تر افراد ایسے اداروں سے تعلق رکھتے ہیں جن کا تفتیش یاتفتیشی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے اوریہ افسران اپنے اداروں میں بھی چند ماہ قبل کنٹریکٹ پربھرتی کیے گئے تھے اورپھر انھیں ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پرتعینات کردیا گیا جہاں انھیں مستقل کردیاگیا ،اس سارے عمل کوغیرقانونی قرار دیتے ہوئے ایف آئی اے کے افسران نے سندھ ہائیکورٹ اور اسلام آبادہائی کورٹ میں پٹیشنزدائرکررکھی ہیں اوراس سلسلے میں عدالت عالیہ کی جانب سے حکم امتناع بھی جاری کیاجاچکاہے۔

ذرائع نے بتایاکہ ایف آئی اے میں آنے کے بعدیہ افسران کسی تفتیشی عمل کاحصہ بننے کے اہل نہیں ہیں تاہم انھوں نے ایف آئی اے میں تعیناتی کے بعداپنی ذاتی گاڑیوں پر ایف آئی اے کے آفیشل کلرکی نمبر پلیٹس آویزاں کردی ہیں اور گاڑیوں میں فورسزکے فیلڈ افسران کی آفیشل گاڑیوںکیلیے مخصوص نیلی بتیاں بھی لگالی ہیں، یہ افسران اپنے ذاتی گارڈزکے ہمراہ ہوتے ہیں اوریہ تاثر دیتے ہیں کہ وہ ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران میں شامل ہیں،اسی طرح تعیناتی حاصل کرنیوالے افسران میں شامل حکمراں جماعت کے ایم این اے کے صاحبزادے ویکاش لعل نامی افسرچندماہ قبل نادرامیں کنٹریکٹ پربھرتی ہوئے اورانھیں ایف آئی اے میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹرڈیپوٹیشن پربھیج دیاگیا۔

ایف آئی اے میں انھوں نے اپنے اثرورسوخ کی بناپر پورٹ قاسم پر اپنی تعیناتی بھی کرالی جبکہ پورٹ قاسم پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرکی کوئی اسامی ہی موجودہی نہیں،ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم پرلنگر انداز ہونے والے غیرملکی جہازوں سے ملنے والی غیرملکی شراب کراچی کی مقامی مارکیٹ میں فروخت کی جاتی ہے اوریہی وجہ ہے کہ ایف آئی اے افسران یہاں تعیناتی حاصل کرنے کے خواہشمندہوتے ہیں،ویکاش لعل پورٹ قاسم پراپنی ویگوگاڑی میں گارڈز کے ہمراہ جاتے ہیں اوران کی گاڑی پر لگے ہوٹر، نیلی بتی اور ایف آئی اے کی نمبر پلیٹ کی وجہ سے سیکیورٹی پرماموراہلکار ان کی گاڑی کی تلاشی لینے کی جرأت نہیں کرتے،اسی طرح کارپوریٹ کرائم سرکل میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹرآغا فہد نے بھی اپنی ویگو گاڑی میں ہوٹر،نیلی بتی اورایف آئی اے کی نمبر پلیٹ لگارکھی ہے اوروہ بھی گارڈز کے ہمراہ ہوتے ہیں،آغافہد کو پی آئی اے سے ایف آئی اے میں تعینات کیاگیاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں