شٹ ڈاؤن جاری وائٹ ہاؤس میں مذاکرات ملتوی ہوگئے

سینیٹ رہنماؤں کے درمیان مذاکرات جمعرات کی مہلت سے قبل آخری امید ہیں، ماہرین


این این آئی October 15, 2013
قرض بڑھانے، حکومت کھولنے کے معاہدے تک پہنچنے کیلیے پیشرفت ہوئی ہے، سینیٹر ریڈ۔ فوٹو: فائل

امریکی قرض کی حد میں اضافے پر وائٹ ہاؤس میں ہونیوالے مذاکرات ملتوی کر دئیے گئے ہیں تاکہ قانون سازوں کو کسی معاہدے تک پہنچنے کیلیے زیادہ وقت مل سکے۔

جمعرات تک امریکا کو لازمی طور پر قرض کی حد میں اضافہ کرنا ہو گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیمو کریٹ اور رپبلکن پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے قانون ساز شٹ ڈاؤن کے معاملے پر اختلافات کا شکار ہوگئے تاہم کانگریس کے رہنما نے کہاکہ اس تعطل سے نکلنے کی امید پیدا ہو گئی۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا کہ پیر کی سہ پہر ہونے والے مذاکرات ملتوی کر دئیے گئے ہیں تاکہ سینیٹ کے رہنماؤں کو حکومت دوبارہ کھولنے اور قرض کی حد میں اضافہ کرنے کا کوئی حل نکالنے کیلیے زیادہ وقت مل سکے' مذاکرات کی اگلی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔



وائٹ ہاؤس میں صدر اوباما اور نائب صدر جو بائڈن کے علاوہ سینیٹ میں اکثریتی رہنما ہیری ریڈ، رپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹ کے اقلیتی رہنما مچ مکانل، رپبلکن پارٹی کے ایوانِ نمائندگان میں سپیکر جان بینر اور ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی ایوانِ نمائندگان میں اقلیتی رہنما نینسی پیلوسی حصہ لینے والے تھے تاہم میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر ریڈ نے کہا کہ سینیٹر مکانل اور ان کے درمیان قرض کی حد بڑھانے اور حکومت کھولنے کے معاہدے تک پہنچنے کیلیے زبردست پیش رفت ہوئی ہے تاہم یہ بھی کہا کہ ہم ابھی وہاں نہیں پہنچے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سینیٹ کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات جمعرات کی حتمی مہلت سے قبل آخری امید ہیں۔ اس سے قبل گذشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس اور رپبلکن پارٹی کی اکثریت والے ایوانِ نمائندگان کے درمیان مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں