واڈا کو جمیکن اینٹی ڈوپنگ پروگرامز پر شدید خدشات

آئندہ برس خصوصی دورہ کرنے کی منصوبہ بندی، وزیر اعظم کی دعوت قبول کرلی

2012 لندن اولمپکس سے قبل بغیر مقابلوں کی ٹیسٹنگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، کمیٹی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کو جمکین اینٹی ڈوپنگ پروگرامز پر شدید خدشات ہیں، اسی کے پیش نظر وہ آئندہ برس جمیکا کا خصوصی دورہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

ایک بیان میں ایجنسی آفیشل نے کہاکہ واڈا نے جمیکا اینٹی ڈوپنگ کمیشن کے دورے اور معائنے کیلیے جمیکن وزیر اعظم کی دعوت قبول کرلی، دورہ سابق جیڈکو ایگزیکٹیو ڈائریکٹر رینی این شرلے کے ان تبصروں کے بعد طے کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ 2012 لندن اولمپکس سے قبل بغیر مقابلوں کی ٹیسٹنگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ جمیکن اینٹی ڈوپنگ ذرائع نے بتایا کہ جیڈکو کی جانب سے ایک ٹیسٹ میں جمیکن تائی کوانڈو اولمپئن کینیتھ ایڈورڈز ممنوعہ ادویات کے استعمال میں ملوث پائے گئے۔ 2010 میں سینٹرل امریکن اینڈ کیریبیئن گیمز میں ہیوی ویٹ برانز میڈل جیتنے والے 27 سالہ ایڈورڈز رواں برس ممنوعہ ادویات کے استعمال پر مثبت ٹیسٹ آنے والے آٹھویں جمیکن ہیں۔




سابق ورلڈ 100 میٹرز ریکارڈ ہولڈر اسافا پاول ،2 مرتبہ 200 میٹرز اولمپک چیمپئن ویرونیکا کیمپبل برائون اور لندن گیمز 4x100 ریلے سلور میڈلسٹ شیرون سمپسن دیگر خطاکاروں میں شامل ہیں۔ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ واڈا کو رواں برس جائزے کی امید تھی لیکن اسے یہ جان کر مایوسی ہوئی کہ جیڈکو 2014 تک دورے کا انتظام نہیں کرسکتی،چیئرمین ہرب ایلیٹ نے دورے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، انھوں نے کہا کہ میں واڈا کے ڈائریکٹر جنرل ہاؤمین سے بات چیت کیے بغیر معاملے پر کچھ نہیں کہوں گا۔ اسپورٹس کی ورلڈ گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ اسے واڈا کے دورے یا 6 مرتبہ کے اولمپک چیمپئن و ڈبل اسپرنٹر یوسین بولٹ سمیت جمیکن ایتھلیٹس کی ٹیسٹنگ پر کوئی خدشہ نہیں، وہ کبھی ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکام نہیں رہے ہیں۔ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشنزکے ترجمان کرس ٹرنر نے کہاکہ لندن روانگی سے قبل جمیکن ایتھلیٹس کی ٹیسٹنگ جامع اور درست تھی۔
Load Next Story