
ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج کے اینکر رحمان اظہر سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم کو مستعفی ہونے کے لیے 2 دن کی مہلت دی ہے جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لوگوں کا ہم پر دباؤ ہے کہ وہ آگے جانا چاہتے ہیں لیکن ہم نے آگے نہیں جانے دے رہے، ہم نے انہیں روکا ہوا ہے اور ہم مشاورت کے ساتھ تمام فیصلے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا موڈ جارحانہ نہیں بلکہ ہمارا موڈ جارحانہ ہے، حکومت تو دفاعی پوزیشن میں ہے اس کے اوسان خطا ہوچکے ہیں، یہاں جو لوگ دھرنے میں آئے ہیں وہ تاریخ کے اوراق میں کچھ ثبت کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دو روز بعد حکومت کے خلاف سخت فیصلے کریں گے، فضل الرحمن
جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اداروں کے حوالے سے احتیاط سے کام لے رہے ہیں، کل کی تقریر میں جو باتیں ہوگئیں وہ ٹھیک تھیں اسے دہرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
حکومت کی جانب سے طاقت کے استعمال کے سوال میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ طاقت کے استعمال کو برداشت کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پچھلے دھرنے جائز حکومت کے خلاف تھے یہ دھرنا ناجائز حکومت کے خلاف ہے ہماری طرف سے ایک ہی آپشن ہے وہ صرف وزیراعظم کا استعفیٰ ہے۔
اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے سوال پر جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ اس حوالے سے فوری نہیں کہہ سکتا لیکن اس پر غور کیا جاسکتا ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔