ہاکی کے دو بڑے کھلاڑیوں کی صلح ہو گئی

ہاکی کے دو بڑے کھلاڑیوں کے درمیان صلح میں سیکرٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ نے اہم کردار ادا کیا


Mian Asghar Saleemi November 02, 2019
ہاکی کے دو بڑے کھلاڑیوں کے درمیان صلح میں سیکرٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ نے اہم کردار ادا کیا، فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دو سابق کپتانوں حسن سردار اور محمد ثقلین کے درمیان صلح کروا دی،ہاکی کے دو بڑے کھلاڑیوں کے درمیان صلح میں سیکرٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ نے اہم کردار ادا کیا۔

ہفتہ کو گیریژن کالج لاہور میں آسٹروٹرف لگانے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں آصف باجوہ، قاسم ضیاء اور ایاز محمود سمیت سابق اولمپئنز کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں حسن سردار اور محمد ثقلین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری پی ایچ ایف نے دونوں سابق کپتانوں حسن سردار اور محمد ثقلین سے اپنے اختلافات ختم کرنے کو کہا جس پر محمد ثقلین نے ماضی کے عظیم کھلاڑی حسن سردار سے باقاعدہ طور پر معافی مانگی، حسن سردار نے بھی کھلے دل کے ساتھ محمد ثقلین کی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں گلے لگا لیا۔

ادھر ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں محمد ثقلین کا کہنا تھا کہ حسن سردار میرے بڑے ہیں اور میں ہمیشہ ان کا احترام کرتا ہوں، جب میں کھیلا کرتا تھا اس وقت بھی حسن سردار کی رہنمائی میرے ساتھ رہتی تھی۔

محمد ثقلین کا مزید کہنا تھا ہم جتنی بھی ہاکی کھیل لیں لیکن ہاکی میں حسن سردار سے کبھی بڑے نہیں ہو سکتے۔ ثقلین نے کہا کہ صلح کروانے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری محمد آصف باجوہ کا مشکور ہوں۔

یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ اومان کے موقع پر اس وقت کے کوچ محمد ثقلین کے مینجر حسن سردار کے ساتھ اختلافات ہوگئے تھے، حسن سردار نے اپنی ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ محمد ثقلین نے میچ کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ نازیبا الفاظ کا استعمال کیا جس پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے محمدثقلین کو وطن واپس بلا لیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں