خیبرپختونخوا کابینہ کا وفاق سے امن مذاکرات میں تاخیرنہ کرنے کا مطالبہ

امن کو سبوتاز کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، خیبر پختونخوا کابینہ

کابینہ کا آئی جی ایف سی کو ایلیٹ فورس پبلک مقامات پر تعنیات کرنے اورصوبے کے شہری علاقوں میں قائم چیک پوسٹوں پر خفیہ کیمرے نصب کرنے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کابینہ نے امن کو سبوتاز کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنےکا فیصلہ جب کہ وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ امن مذاکرات میں تاخیرنہ کی جائے۔


خیبرپختونخوا کابینہ کاہنگامی اجلاس وزیراعلی پرویز خٹک کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں سانحہ ڈیرہ اسماعیل خان کی شدید مذمت کی گئی اورسیکیورٹی کی مجموعی صورت حال کو بہتربنانے پر زوردیا گیا۔ اجلاس میں کابینہ کی جانب سے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ امن مذاکرات میں تاخیر نہ کی جائے جب کہ امن کو سبوتاز کرنے والی قوتوں سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کابینہ نے آئی جی ایف سی کو پبلک مقامات پر ایلیٹ فورس تعنیات کرنے اورصوبے کے شہری علاقوں میں قائم چیک پوسٹوں پر خفیہ کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی جب کہ افغان مہاجرین کی حرکات وسکنات محدود کرنے اور ان پر کڑی نظر رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی کابینہ نے آئی جی کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہونے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کیا جائے۔

کابینہ نےسیکیورٹی کےلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ساز و سامان فراہم کرنے کی منظوری دی اورسراغ رساں کتوں کا فوری بندوبست کرنےکا بھی فیصلہ کیا۔ اس موقع پروزیراعلی پرویزخٹک نے کہا کہ خواہش ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا عمل بہتر اندازمیں آگےبڑھے۔ اجلاس میں صوبائی وزیرقانون اسرار اللہ گنڈا پور اور دیگر شہداکے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، اسراراللہ کی کرسی پر گلدستہ رکھا گیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
Load Next Story