2018 کے الیکشن میں ہم سب مل کر شیر کا شکار کریں گے بلاول بھٹو زرداری

بلاول ویڈیو گیم والا بچہ ہے جو اب سیاست میں آگیا وہ صرف گیم میں ہی شیر کا شکار کرسکتا ہے، مشاہداللہ خان

ایم کیوایم کی پتنگ کاٹنے والے خواب دیکھ رہے ہیں، جو 1988 سے کوشش کے باوجود متحدہ کی پتنگ نہیں کاٹ سکے وہ اب بھی اس کی اڑان کو نہیں روک سکتے، واسع جلیل فوٹو؛فائل

ROME:
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2018 کے الیکشن میں آصف زرداری جیالوں کی کمان ہوں گے اور میں تیر، ہم سب مل کر شیر کا شکار کریں گے جو غریبوں کے خون سے اپنا پیٹ بھرتا ہے۔

کراچی میں سانحہ کارساز کے 6 سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا کی عوام کو سونامی کے طوفان میں ڈوبنے سے بچائیں گے۔ پاکستان کو 1947 میں آزادی ملی لیکن ہمارا کراچی آج بھی لندن کی کالونی ہے ہم فون پر چلنے والی پتنگ کو کاٹ دیں گے اور سندھ کو ایک بار پھر پیپلزپارٹی کا قلعہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نئی حکومت میں اسلام آباد کو ایک شخص نے یرغمال بنالیا اور پیپلزپارٹی کے جیالے نے اسلام آباد کو اس شخص سےبچایا اور وزیر داخلہ کو شرما دیا۔


بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک جنون ہے۔ پیپلزپارٹی بہادروں، شہیدوں اور جیالوں کی پارٹی ہے اور قائد سمیت ہزاروں کارکنوں نے ملک میں جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 18 اکتوبر 2007 کو جب بی بی شہید وطن واپس آئیں تو پورا ملک خوشیاں منارہا تھا اور یہاں ان کے استقبال کے لئے 30 سے زائد افراد آئے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی خاطر اگر کسی ماں نے اپنا بیٹا قربان کیا ہے تو میں اس ماں کا بیٹا ہوں اور اگر کسی بہن نے اپنا بھائی قربان کیا ہے تو میں اس بہن کا بھائی ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری کے خطاب پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوٹر پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے کہاکہ ایم کیوایم کی پتنگ کاٹنے والے خواب دیکھ رہے ہیں، جو 1988 سے کوشش کے باوجود ایم کیوایم کی پتنگ نہیں کاٹ سکے، وہ اب بھی اس کی اڑان کو نہیں روک سکتے۔ بلاول بھٹو نے عام انتخابات کیلئے لکھی تقریر آج پڑھ کر سنائی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے ترجمان مشاہد اللہ خان نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ بلاول جیسی تقریریں کھلونوں سے کھیلنےوالےبچے کرتےہیں، انہوں نے کہا کہ یہ تقریر انہیں گیارہ مئی سے پہلے کرنی چاہئے تھی لیکن اس وقت وہ لندن بھاگ گئے تھے، بلاول ہمارا بچہ ہے اور انہیں جس نے بھی تقریر لکھ کر دی ہے اس نے ابھی تک انتخابات میں پیپلزپارٹی کی شکست کی وجوہات معلوم کرنے کی بھی کوشش نہیں کی۔ مشاہد اللہ نے مزید کہاکہ بلاول ویڈیو گیم والا بچہ ہے جو اب سیاست میں آگیا ہے وہ صرف ویڈیو گیم میں ہی شیر کا شکار کرسکتا ہے۔
Load Next Story