بھارتی پولیس نے امریکی بحری جہاز سے عملے کے 35 ارکان کو گرفتار کر لیا

تحقیقات مکمل ہوئے بغیر جہاز کو بھارتی سمندری حدود سے جانے نہیں دیا جائے گا، بھارتی وزیر

پولیس نے جہاز میں رکھی گئی 31 رائفل گنیں اور دیگر اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا. فوٹو: فائل

بھارتی پولیس نے ریاست تامل ناڈو میں بغیر اجازت اسلحہ لے کر چلنے والے امریکی بحری جہاز سے عملے کے 35 ارکان کو گرفتار کر لیا۔

12 اکتوبر سے ریاست تامل ناڈو میں وی او چدامبرانار پورٹ پر کھڑے سی مین نامی امریکی کمپنی کے بحری جہاز میں پولیس داخل ہوئی اور جہاز میں موجود عملے کے 10 ارکان اور 25 سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا، حراست میں لئے گئے عملے کے 33 ارکان کو پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ 2 کو جہاز میں ہی معمول کا کام کرنے کے لئے چھوڑ دیا گیا۔ پولیس نے جہاز میں رکھی گئی 31 رائفل گنیں اور دیگر اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا اور عملے کے پاسپورٹس بھی ظبط کر لئے ہیں۔


بھارت کے شپنگ وزیر جی کی واسن کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہوئے بغیر جہاز کو بھارتی سمندری حدود سے جانے نہیں دیا جائے گا، دوسری جانب امریکی سیکیورٹی کمپنی کا کہنا ہے کہ جہاز میں موجود عملہ سمندر میں مال بردار بحری جہازوں کو بحری قذاقوں سے بچانے کے لئے تحفظ فراہم کرتا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ جہاز میں موجود تمام اسلحہ کمپنی سے رجسٹرڈ ہے۔

واضح رہے کہ امریکی سیکیورٹی کمپنی کے جہاز کو 12 اکتوبر کو ریاست تامل ناڈو کی سمندری حدود میں بغیر اجازت اسلحہ لے کر چلنے پر روکا گیا تھا، مطالبے پر جہاز کا عملہ اسلحہ لے کر چلنے کا اجازت نامہ بھی جمع نہیں کرا سکا تھا۔ جہاز میں موجود عملے کا تعلق برطانیہ، اسٹونیا، بھارت اور یوکرائن سے ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story