نواز شریف کی طبیعت بدستور خراب شوگر لیول کنٹرول نہ ہو سکا

پلیٹ لیٹس بھی پھر گر کر 40 ہزار رہ گئے، دوائی کلوپیڈوگرل کو وقتی طور پر روک دیا گیا


Numainda Express November 04, 2019
بھائی شہباز، والدہ، نواسے نے عیادت کی، سروسز اسپتال کے باہر دعاؤں کا سلسلہ جاری۔ فوٹو: فائل

میڈیکل بورڈ کی مسلسل کوششوں کے باوجود نواز شریف کی صحت بحالی کی جانب گامزن نہ ہو سکی جب کہ پلیٹ لیٹس سیلز میں اتارچرھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کی جانب سے گزشتہ روز بھی نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا گیا ، نواز شریف کا نہار اور کھانے کے بعد شوگر لیول بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے کنٹرول کرنے کیلئے علاج معالجہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کو خون کے کلاٹ ختم کرنے والی دوائی کلوپیڈوگرل کو وقتی طور پر روکدیا گیا ہے اور جب تک نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 50 ہزار سے تجاوز نہیں کریں گے تب تک کلوپیڈوگرل کا استعمال نہیں کرایا جائے گا۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی حالت بہتری کی طرف جا رہی ہے ، مختلف ادویات کے استعمال کی وجہ سے پلیٹ لیٹس کم اور زیادہ ہو رہے ہیں کیونکہ ایک ہی وقت میں ایک سے زیادہ بیماریوں کی ادویات احتیاط کے ساتھ دی جا رہی ہے۔

ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق نواز شریف کے طبی معائنے کے بعد مزید ٹیسٹ تجویز کئے جائیں گے اس حوالے سے میڈیکل بورڈ کا اجلاس بھی ہوا جس میں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے مشاورت کی گئی ، علاوہ ازیں نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر ، بھائی شہباز شریف ، نواسے جنید صفدر و دیگر نے ہسپتال آکر ان کی عیادت کی ، میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کو بھی نواز شریف کے علاج معالجے کے حوالے سے آگاہ کیا ۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے سروسز ہسپتال کے باہر نواز شریف کی صحتیابی کیلئے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ روز ن لیگ منیارٹی ونگ کی جانب سے بھی نواز شریف کی جلد صحتیابی کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں