پرتشدد احتجاج اور غیرجمہوری اقدام کی حمایت نہیں کریں گے ن لیگ

حکومت کےخلاف جدوجہد میں متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے آگے بڑھنا چاہیے،احسن اقبال


ویب ڈیسک November 04, 2019
ملک میں چور دروازوں سے قانون سازی کی جارہی ہے،احسن اقبال فوٹو: فائل

SYDNEY: مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کے مطالبات کی سیاسی حمایت جاری رکھیں گے تاہم کسی بھی ماورائے آئین، پرتشدد احتجاج اور غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آج وفاق اور معیشت دباوَ جب کہ سفارت کاری تنہائی کا شکار ہے، اناڑی حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے، معیشت کا پہیہ مکمل طور پر جام ہوچکا ہے، اقتصادی اور معاشی بحران قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے، ملک میں چوردروازوں سے قانون سازی کی جارہی ہے، پارلیمنٹ کو تالے لگ گئے، ایوان صدر آرڈیننس فیکٹری بن چکا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں سیاسی صورتحال اور مارچ سے متعلق تجاویز پر غور کیا، (ن) لیگ کے مشاورتی اجلاس کی تجاویز کو رہبر کمیٹی میں پیش کریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ میں بھرپورشرکت کی نواز شریف کے اصولوں کی روشنی میں (ن) لیگ عمران خان سے استعفیٰ لینے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی، اپوزیشن حکمت عملی سے نئے انتخابات کے لیے کردار ادا کرے گی۔ حکومت کے خلاف جدوجہد میں متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے آگے بڑھنا چاہیے۔ آزادی مارچ کے مطالبات کی سیاسی حمایت جاری رکھیں گے تاہم کسی بھی ماورائے آئین، پرتشدد احتجاج اور غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں