موہالی کی باؤنسی وکٹ پر بھارت اور آسٹریلیا آج مدمقابل

جے پور میں ہائی اسکورنگ دوسرے ون ڈے میں دھونی الیون نے کینگروز کو پچھاڑدیا

ڈے اینڈ نائٹ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
سات میچز کی سیریز میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ہفتے کو موہالی میں کھیلا جارہا ہے۔

ڈے اینڈ نائٹ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا، دونوں ممالک ایک ،ایک میچز جیت کر سیریز کو برابر رکھے ہوئے ہیں، پونے اور جے پورمیں بیٹنگ کیلیے سازگار وکٹوں کے برعکس موہالی کی وکٹ بائونسی ہے، جس پر فاسٹ بولرز اپنا جادوجگا سکتے ہیں اور اس معاملے پر کینگروز کو میزبان پیسرز پر سبقت حاصل ہے، موہالی کے کیوریٹر دلجیت سنگھ کے مطابق ' اوس ' کا عنصر بھی میچ کے دوسرے حصے میں اہم کردار ادا کریگا، میچ میں شرکت کیلیے دونوں ممالک کی ٹیمیں چندی گڑھ پہنچ چکی ہیں، اس سے قبل گذشتہ دن جے پور کے سوامی مان سنگھ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہائی اسکورنگ مقابلے میں بھارت نے آسٹریلیا کو 9وکٹ سے آئوٹ کلاس کیا۔




میچ کے ہیرو روہت شرما کی طوفانی اننگز کی بدولت میزبان سائیڈ نے فتح کیلیے درکار ہدف 362 رنز محض ایک وکٹ کھوکر 43.3 اوورز میں حاصل کرلیا، روہت نے 17چوکوں کی مدد سے 141 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ویرت کوہلی 52 گیندوں پر 100رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، واحد آوٹ ہونے والے کھلاڑی شیکر دھون نے بھی 95رنز اپنے نام جوڑے، بھارتی اوپنرز نے بڑے جارحانہ انداز میں تین سو ساٹھ کے ہدف کا پیچھا شروع کیا ہے روہت شرما نے ایک سو دو گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، شیکھر دھون قدرے خوش قسمت رہے اور ان کا ایک نسبتاً آسان کیچ کیپر بریڈ ہیڈن نے چھوڑا۔

کوہلی نے بھارت کی جانب سے تیز ترین سنچری بنانے کا سہواگ کا قائم کردہ ریکارڈ بھی توڑ دیا، اس سے قبل کینگروز نے 5 وکٹ پر 359رنز اسکور بورڈ پر جوڑے، یہ اپنی نوعیت کا انوکھا میچ تھا، اس میں آسٹریلیا کی طرف پہلے پانچ بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنا کر ایک ریکارڈ قائم کیا،مہمان ٹیم کیلیے جورج بیلی92، فل ہیوز83، واٹسن 59، گلین میکس ویل 53اور آرون فنچ50رنز کیساتھ نمایاں رہے، آسٹریلیا نے اس سے پہلے بھارت میں دو بار سات ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی ہے اور دونوں مرتبہ فتح اس کی ہی ہوئی ہے، 2007-08 میں کینگروز نے میزبان سائیڈ کو 4-2 سے جبکہ 2009-10 میں بھی کینگروز کی فتح کا مارجن یہی رہا تھا۔
Load Next Story