جرائم اور بھتہ خوری میں کمی آئی حکومتی اقدامات سے کراچی کے شہری مطمئن ہیںنواز شریف

کراچی میں سیاسی وابستگی سے بالاترہوکرامن کوششیں کی جارہی ہیں،قوانین کوموثربنانے کاآغاز کیاہے


۔ ٹارگٹ کلرزاور غاصبوں کو جان لیناچاہیے کہ ایسی جنگ کے ضابطے مختلف اورسخت ہیں۔وزیراعظم۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ ریاست کو شہریوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدام کاحق حاصل ہے۔

پنجاب انسداد دہشت گردی فورس نئے انتظامی ڈھانچے کے ساتھ جلدقائم کی جائے، نئے قوانین کے نفاذسے دہشت گردوں کو آزادی کی قدرمعلوم ہوگی۔ قانون کی عملداری کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا، نظام میں مزید بجلی شامل ہوتی جائے گی، بل بھی کم ہوتے جائیں گے۔ گزشتہ روز جاتی عمرہ رائیونڈمیں پنجاب انسداددہشت گردی فورس کے قیام کے حوالے سے بریفنگ اجلاس سے خطاب میں انھوں نے کہاکہ نئی فورس میں اعلیٰ پیشہ ورانہ معیارقائم کیاجائے اوربہترین تنخواہیں دی جائیں، انسدا ددہشت گردی فورس کاانتظام پولیس سے علیحدہ ہوگا ۔

تاہم فورس میں پولیس سے ہی بھرتیاں کی جائیں۔ کراچی میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر امن کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ کراچی کے لوگ حکومتی اقدام سے مطمئن ہیں۔ حکومتی کوششوں سے کراچی میں جرائم، بھتہ خوری میں خاطرخواہ کمی آئی ہے۔ دہشت گردی اوربدامنی پرقابو پانے کے لیے قوانین کوموثر بنانے کاآغاز کیاہے۔ امن کے لیے سخت فیصلے کریں گے۔ اس سے پہلے کراچی میں مجرموں کوبھاگ جانے کاموقع دیاگیا۔ آئندہ چنددنوں میں مجرموں کوگرفت میں لانے کے لیے نئے قوانین لائے جارہے ہیں۔ مجرم مجرم ہوتاہے، خواہ اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو۔انھوں نے کہاکہ ریاست کے خلاف جرائم سے متعلق قوانین نافذ ہوچکے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں آئینی تقاضوںکو مدنظر رکھاگیا ہے ۔



متعلقہ ادارے سنگین جرائم کے خلاف مکمل عدم برداشت یقینی بنائیں۔ ریاست شہریوں کی حفاظت کے لیے پیشگی اقدام کرسکتی ہے۔شہریوں کوتحفظ کی فراہمی ریاستی ذمے داری ہے لیکن اس کے لیے ہم کسی کے آگے جھکیں گے نہیں اور حکومت کی رٹ ہرحال میں قائم رکھی جائے گی۔ دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرزاور غاصبوں سے قانون کے مطابق نمٹاجائے گااور انھیں مقررہ قانونی عمل کے بعد کیفرکردار تک پہنچایاجائے گا۔ اگردہشت گردوں اور قاتلوں کولفظ آزادی ذرابھی سوجھ بوجھ ہے توانھیں اس کامطلب تب سمجھ آجائے گاجب قانون کے تحت انھیں کوئی آزادی حاصل نہیں رہے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ریاست کی رٹ کوہر قیمت پریقینی بنایاجائے گا۔ ٹارگٹ کلرزاور غاصبوں کو جان لیناچاہیے کہ ایسی جنگ کے ضابطے مختلف اورسخت ہیں۔

آن لائن نے بتایاکہ رائیونڈمیں نمازعید کی ادائیگی کے بعد کارکنوں سے خطاب میں وزیراعظم نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں مجبوری کے تحت اضافہ کرناپڑا۔ نئے منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ہی قیمتیں کم کردیں گے۔ ماضی کی حکومتوں نے دہشت گردی اورانتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ ملک کودرپیش مسائل کاپائیدارحل چاہتے ہیں۔ بجلی مہنگی کرنے جیسے فیصلوں پر دل دکھتاہے تاہم 5سال میں بجلی کے تمام مسائل حل کردیے جائیں گے۔ جوںجوں نظام میں مزید بجلی شامل ہوتی جائے گی، بل بھی کم ہوتے جائیں گے۔ نوازشریف نے کہاکہ قوم کے سامنے اس وقت مشکل وقت ہے لیکن یہ گزرجائے گا۔ بجلی بحران پرقابو پانے اوردہشت گردی کے خاتمے سے ہی سرمایہ کاری ممکن ہوسکے گی، ٹیکس ریونیوبڑھے گا اور پھربیرونی امدادپر انحصارنہیں کرناپڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں