محمد عامر پر آئی سی سی کے کرپشن قوانین میں ترمیم تک پابندی میں نرمی کا فیصلہ مؤخر

کرپشن کے قوانین مزید موثر بنانے کے لئے آئندہ برس جنوری میں ہونے والے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا،آئی سی سی


AFP October 19, 2013
آئی سی سی نے محمد عامر پر فروری 2011 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں5 سالہ پابندی عائد کی تھی۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی گورننگ باڈی نے پاکستانی کرکٹر محمدعامر پر5 سالہ پابندی میں نرمی کا فیصلہ بین الاقوامی کرکٹ کے کرپشن قوانین میں ترمیم تک موخرکر دیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئی سی سی کے لندن میں 2 روز تک جاری رہنے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں کرپشن کے قوانین کو مضبوظ اور موثر بنانے کے لئےاسے آئندہ برس جنوری میں ہونے والے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ بین الا قوامی کرکٹ میں کرپشن سے متعلق ترمیم شدہ قوانین متعارف ہونے کے بعد آئندہ برس جنوری میں آئی سی سی کے اجلاس میں محمد عامر پر پابندی کے فیصلے میں نرمی پرغور کیا جائے گا۔

دوسری جانب محمدعامر نے کہا کہ وہ کرکٹ کھیلنے کے لئے بہت بیتاب ہیں اور امید ہے کہ جلد انٹر نیشنل کرکٹ میں میری واپسی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایک غلطی کی جس کی سزا مجھے مل چکی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا بہت مشکور ہوں کہ انہوں نے میرا معاملہ آئی سی سی کی سطح پراٹھایا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے محمد عامر پر فروری 2011 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل ثابت ہونے پر 5 سال کی پابندی عائد کی تھی جبکہ دیگر 2 کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف پر بھی بالترتیب 10 اور 7 سال کی پابندی لگادی گئی تھی

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔