کسی بھی چیلنج پر پورا اترنے اور دشمن پر قابو پانے کے لئے تیار ہیں سربراہ پاک فضائیہ

قوم پاک فضائیہ پر فخر اور ملکی دفاع کے بارے میں ان کی صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد کرتی ہے، ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان

خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال آپریشنل تیاریوں پر بھر پور توجہ کی متقاضی ہے،ایئر چیف

فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کسی بھی چیلنج پر پورا اترنے اور دشمن پر قابو پانے کے لئے پوری طرح تیار اوراہل ہے۔

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے سومیانی رینج پر فائر پاورمظاہرے کے دوران اپنے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف ا سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کے علاوہ اعلٰی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔



فائر پاور مظاہرے کا آغا آواز کی رفتار سے تیزاڑتے ہوئے دو میراج طیاروں کی نیچی پرواز سے ہوا۔ اس کے بعد پاک فضائیہ کے تمام نمایاں طیاروں بشمول JF-17 تھنڈر، F-16 Block 52، F-16،F-7P اور F-7PGنے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس کے فوراً بعد پاک فضائیہ کے SAAB-Erieye اورقراقرم ایگل اور آگسٹا ہیلی کا پٹر فلائی پاسٹ کرتے ہوئے وینیو کے اوپر گزرے۔




پاک فضائیہ کے پائلٹس نے مکمل درستگی کے ساتھ دیئے گئے اہداف کو نشانہ بنا کر پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ یہ مظاہرے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا ثبوت ہیں اور دشمن کے لئے ایک پیغام ہیں کہ پاک فضائیہ دشمن کو جواب دینے کی بھرپور قوت رکھتی ہے۔پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے سنسنی خیز فائر پاور مظاہرے کے بعد پاکستان کے مقامی طور پر تیار کردہ JF-17 تھنڈر طیارے نے دلکش اور حیرت انگیز فضائی کرتب کا مظاہرہ بھی کیا۔ اس کے منظر سے اوجھل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کی فضائی کرتب دکھانے والی " شیر دلز "ٹیم نے افق پر نمودار ہو تے ہوئے شاندار کرتبوں سے ناظرین کو حیرت زدہ کردیا۔ا س تقریب کو دوران پاک فضایہ کے سپیشل سروسز ونگ کے کمانڈوز نے دہشت گردوں پر حملے کی ایک مشق کا مظاہرہ کیا۔



اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال آپریشنل تیاریوں پر بھر پور توجہ کی متقاضی ہے۔ آج کا فائر پاور مظاہرہ جنگی تیاری کے لئے ہماری کاوشوں کا تسلسل ہے۔ پوری قوم پاک فضائیہ پر فخر اور ملکی دفاع کے بارے میں ان کی صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد کرتی ہے۔ پاک فضائیہ کسی بھی چیلنج پر پورا اترنے اور دشمن پر قابو پانے کے لئے پوری طرح تیار اوراہل ہے۔



اس موقع پر صدر مملکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دوسری اقوام خصوصاً اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے مگرہم اپنے قومی مفادات اور خود مختاری کے تحفظ سے کسی صورت غافل نہیں ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ فروری2019 میں پوری دنیا نے بھارت کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ہمارے ردعمل کا مشاہدہ کیا جب پاک فضائیہ نے کشمیر پر فضائی جھڑپ کے دوران ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کی۔
Load Next Story